سعودی عرب میں ہاسپٹلٹی کے شعبے میں پاکستانیوں کیلئے بے شمار ملازمتوں کے مواقع موجود ہیں، ویلفیئر اتاشی سہیل بابر وڑائچ

0

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں سفارت خانہ پاکستان کے ویلفیئر اتاشی سہیل بابر وڑائچ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں ہاسپٹلٹی کے شعبے میں پاکستانیوں کے لئے بے شمار ملازمتوں کے مواقع موجود ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب میں ہوٹل اینڈ ٹورازم انڈسٹری کے حوالے سے منعقدہ ویبنار کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

ویبنار میں پاکستان سمیت دیگر ممالک سے پاکستانیوں کی بڑی تعداد آن لائن شریک تھی، اس موقعہ پر شرکاء سے مزید گفتگو کرتے ہوئے ویلفیئر اتاشی سہیل بابر وڑائچ نے سعودی عرب میں ہوٹل اینڈ ٹورازم انڈسٹری کے خدوخال اور نوجوانوں کے لئے ملازمتوں کے مواقعوں کے حوالے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ اگر پاکستان سے ہمارا نوجوان طبقہ ہاسپٹلٹی کے کورسز کرکے سعودی عرب میں اس حوالے سے کمپنیوں سے رابطہ کریں تو نا صرف انہیں آسانی کے ساتھ کمپنی ویزے کا حصول ممکن ہوگا بلکہ انہیں اچھی ملازمت بھی مل جائے گی۔

سہیل بابر وڑائچ کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت سعودی عرب میں ریڈ سی پروجیکٹ سمیت نیوم اور العلاء سمیت دیگر اہم منصوبوں میں ہاسپٹلٹی ملازمتوں کے بے شمار مواقع موجود ہیں جن سے پاکستانی نوجوان بہتر طور پر فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ویلفیئر اتاشی سہیل بابر وڑائچ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہاسپٹلٹی کورسز گورنمنٹ سیکٹر کے علاوہ اقراء یونیورسٹی اور قائداعظم یونیورسٹی سمیت دیگر تعلیمی ادارے بھی کورسز کروا رہے ہیں جن سے ہماری یوتھ بہتر انداز میں کورسز کرکے سعودی عرب میں مناسب ملازمت حاصل کر سکتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.