جدہ :میمن ویلفیئر سوسائٹی (ماسا) کی جانب سے پوزیشنز ہولڈرز پاکستانی طلباء میں ایوارڈ دینے کی تقریب

0

جدہ (خالدنواز چیمہ) سعودی عرب میں میمن ویلفیئر سوسائٹی ماسا کی جانب سے تعلیمی میدان میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے پاکستانی طلباء میں ایوارڈ دینے کی تقریب منعقد کی گئی جس میں سفارتی افسران اور کمیونٹی اراکین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شہر جدہ میں میمن ویلفیئر سوسائٹی ماسا کی جانب سے منعقدہ تقریب میں جہاں طلباءو طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی وہیں کمیونٹی اراکین بھی موجود تھے جبکہ قونصل جنرل خالد مجید تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

اس موقعہ پر سوسائٹی کی جانب سے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی طلباء میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طالب علموں میں عبدالستار ایدھی کے نام سے منسوب ایوارڈ تقسیم کیے گئے۔

پرائمری، انٹرمیڈیٹ،اے لیول،گریجویٹ،پوسٹ گریجویٹ،ڈگری ہولڈرز اور حافظ قرآن کے مجموعی طور پر 180 بچوں میں ایوارڈ دئیے گئے ،اس موقعہ پر میمن ویلفیئر سوسائٹی کے صدر وسیم عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ بچے مستقبل کے معمار ہیں ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہمارا اولین فرض ہے تاکہ ہمارے بچے مزید آگے بڑھ کر اپنا مستقبل تابناک بنا سکیں ۔

قونصل جنرل پاکستان خالد مجید کا کہنا تھا کہ ہمیں فخر ہے کہ سعودی عرب میں پاکستانی طلبا تعلیمی میدان میں خود کو منوا رہے ہیں اور ہماری بھی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ پاکستانی بچوں کو معیاری تعلیمی ماحول سے آراستہ کیا جائے اور جس میمن ویلفیئر سوسائٹی نے طلباء کی حوصلہ افزائی کے لئے قدم اٹھایا ہے وہ خوش آئند ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.