وارسا(خالد انصاری)پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں بھی پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جہاں سفیر پاکستان ملک محمد فاروق نے پاکستان کا قومی پرچم لہرایا۔
تلاوت کلام پاک سے شروع ہونے والی اس تقریب میں دارالحکومت وارسا اور اس کے ارد گرد کے شہروں میں رہنے والے پاکستانیوں نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان ملک محمد فاروق نے شرکائے تقریب اور سفارت خانے کے دائرہ کار میں آنے والے پولینڈ اور اس کے قریبی ہمسایہ ممالک میں رہائش پذیر تمام پاکستانی کمیونٹی کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کیں۔

انہوں نے کہا کہ آج یوم آزادی کے ساتھ ساتھ یوم تجدیدِ عہد بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ہمارے آباؤ اجداد نے جو قربانیاں دی ہیں انہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا، اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم لگن کے ساتھ بھرپور اور سخت محنت کریں تاکہ پاکستان کو مضبوط تر اور خوشحال ملک بنانے کے لیے اپنے آباء کے عظیم مقصد کو حاصل کیا جا سکے۔
سفیر پاکستان نے شرکائے تقریب کو مزید آگاہ کیا کہ بہت سے چیلنجز کے باوجود حکومت پاکستان نے ایک ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کے لیے اصلاحات کے ایک جامع پلان کا آغاز کر رکھا ہے تاکہ معاشی ترقی اور خوشحالی کی ایک نئی بنیاد رکھی جا سکے۔
سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ پاکستانی تارکین وطن ملک کا عظیم اثاثہ ہیں جو مادر وطن کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے پاکستانی قوم کے اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور وہ ان کی اپنی حق خودارادیت کی جنگ میں سیاسی اخلاقی اور سفارتی مدد فراہم کرتا رہے گا۔انہوں نے پولینڈ میں بسنے والی پاکستانی برادری پر زور دیا کہ وہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنا مثبت اور تعمیری کردار جاری رکھیں۔
قبل ازیں ڈپٹی ہیڈ آف مشن نے صدر اور وزیراعظم کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے۔
My neme Amjad Hussain iam from Pakistan live in Poland
Ma sha ALLAH,how can we help you?