آسٹریا کے پاکستانی سفارتخانے میں یوم آزادی کی تقریب،سفیر آفتاب احمد کھوکھر کی زیر سرپرستی پرچم کشائی
ویانا(تارکین وطن نیوز)آسٹریا میں پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کے حوالے سے سفارتخانہ میں سفیر پاکستان آفتاب احمد کھوکھر کی زیر سرپرستی پرچم کشائی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں آسٹریا میں پاکستانی کمیونٹی کی خواتین و بچوں اور بڑوں نے آسٹریا بھر کے مختلف شہروں سے پاکستان کی محبت میں تقریب میں شرکت کرکے پیارے وطن سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔
آسٹریا میں پاکستان کے سفیر آفتاب احمد کھوکھر نے قومی سبز ہلالی پرچم لہرایا اور 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام صدر اور وزیر اعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔اس سے قبل جشن یوم آزادی کی تقریب کا آغاز ظاہر عباس جنجوعہ کی تلاوتِ قرآن پاک سے کیا گیا۔سٹیج سیکریٹری کے فرائض ہیڈ آف چانسلری لیاقت وڑائچ نے ادا کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کو جشن یوم آزادی پاکستان کی مبارک باد پیش کی اور تقریب میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
جشن یوم آزادی کی تقریب میں حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے سفیر آفتاب احمد کھوکھر نے پاکستان کے بانیوں کی شاندار جدوجہد اور قائداعظم کی دور اندیشی اور دانشمندانہ قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پاکستان کو ایک جمہوری ترقی پسند اور آگے بڑھنے والے اسلامی ملک کے طور پر تعمیر کرنے میں قائداعظم کے وڑن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے قوم کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کے ساتھ عزم اور لچک کے ذریعے دہشت گردی کو شکست دینے میں اس کی کامیابی پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ متحد رہیں اور پاکستان کے خلاف منفی اور حوصلہ افزا پراپیگنڈے کا پرامن رہ کر مقابلہ کریں۔ پاکستان کی سلامتی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔تقریب کے آخر میں سفیر پاکستان نے پاکستانی کمیونٹی کی خواتین اور بچوں اور بڑوں کے ساتھ مل کر پاکستان کے 75 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔