روحانی اور خوشیوں بھری محفل کا اہتمام راجہ محمد جمیل بنگیال نے کیا
ثنا خوانی کے لیے پاکستان اور امارات سے پاکستانی ثنا خوانوں کی آمد
امارات بھر سے عاشقان رسولؐ نے محفل عید میلاد النبیؐ میں شرکت کی
روحانی محفل کے آخر میں پاکستان،متحدہ عرب امارات،اتحاد بین المسلمین اور حاضرین محفل کیلئے خصوصی دعا کی گئی
دبئی(طاہر منیر طاہر) آقائے دو جہاں نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے جشن ولادت با سعادت کے سلسلہ میں عید میلاد النبی کی ایک خوبصورت تقریب متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں انعقاد پذیر ہوئی جس کا اہتمام راجہ محمد جمیل بنگیال نے کیا۔
عید میلاد النبی ﷺ کی اس محفل میں پاکستان سے مداحا ن رسول ﷺ محمد عثمان اور گل احید نے خصوصی طور پر شرکت کی اور حمد و نعت ﷺ سے حاضرین کے دلوں کو منور کیا، اس موقع پر امارات میں مقیم پاکستانی ثنا خوانوں نے بھی شرکت کی اور نعتیہ کلام سے لوگوں کا ایمان تازہ کر دیا۔
تقریب ہذا میں ملک دوست محمد اعوان،محمد علی قادری،راجہ عابد حسین،عبدالمجید مغل،غلام مصطفیٰ مغل،راجہ ظہیر سملالوی، ملک فیاض احمد،ملک خادم شاہین،ملک شہزاد یونس،عتیق احمد،محمد ثقلین مہرو، حاجی محمد نواز،راجہ محمد نصیر،راجہ ابو بکراور دیگر بہت سے عاشقان رسول ﷺ نے شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے سیرت النبی ﷺ کے بارے بیان کرتے ہوئے کہا کہ آپ ﷺ کی ولادت سے قبل عرب معاشرہ جاہلیت کی گہرائیوں میں تھا، عرب قبائل ایک دوسرے سے لڑتے جھگڑتے اور جنگ و جدل کرتے تھے۔
جہالت کا یہ حال تھا کہ وہ اپنی بچیوں کو زندہ دفن کر دیتے تھے، لیکن آنحضور ﷺ کی ولادت کے بعد عرب معاشرہ میں جیسے سکون آ گیا، آپ ﷺ کی آمد سے اللہ کریم کی طرف سے رحمتوں کے دروازے کھل گئے،الله تعا لیٰ نے آپ ﷺ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا۔
آپ ﷺ کی تعلیمات سے عرب معاشرہ سدھر گیا اور لوگوں کی زندگیوں میں انقلاب آ گیا،آج ہم اسلامی تعلیمات سے دور ہو کر پریشان ہیں اور قرآن سے رو گردانی کی وجہ سے دنیا میں ذلیل ہو رہے ہیں،اگر آج بھی ہم اسوہ حسنہ کو اپنا لیں اور قرانی تعلیمات پر عمل کرنا شروع کر دیں تو ہماری زندگیاں سنور سکتی ہیں۔
روحانی محفل کے آخر میں اسکالر پروفیسر ڈاکٹرمحمد اکرم شہزاد نے پاکستان، متحدہ عرب امارات، اتحاد بین المسلمین اور حاضرین محفل کے لیے خصوصی دعا کی، عید میلاد النبی ﷺ کی تقریب میں آنے والے تمام مہمانوں کا تقریب کے میزبان راجہ محمد جمیل بنگیال نے شکریہ ادا کیا اور سب کی توا ضع پر تکلف ڈنر سے کی۔