مغل ویلفیئرسوسائٹی(پاکستان) کےسرپرست اعلیٰ عبدالمجید مغل کی طرف سے(سوشل سائنٹسٹ)عبدالشکورمرزا کے اعزاز میں ڈنرکااہتمام
صحافت،انسانی حقوق اور سماجی ترقی میں گراں قدر خدمات انجام دینے والے عبدالشکور مرزا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا
مغل ویلفیئرسوسائٹی کا پاکستان کے 35 سے زائد شہروں میں دائرہ کار پھیل چکا ہے،عبدالمجید مغل
دبئی (طاہر منیر طاہر) صحافت،انسانی حقوق اور سماجی ترقی میں گراں قدر خدمات انجام دینے والے (سوشل سائنٹسٹ) سماجی سائنسدان عبدالشکور مرزا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے شارجہ کے ایک ہوٹل میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کا اہتمام مغل ویلفیئرسوسائٹی (پاکستان) کے سرپرست اعلی عبدالمجید مغل نے کیا تھا۔
تقریب میں پاکستان مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات کے صدر غلام مصطفیٰ مغل، پاکستان مسلم لیگ ن شارجہ کے سینئر نائب صدر چودھری بشیر احمد شاہد، HR اسپیشلسٹ ماجدہ خانم، پاکستانی کمیونٹی کے لوگوں اور امارات میں مقیم مغل برادری نے شرکت کی۔
اس موقع پرعبدالمجید مغل نے بتایا کہ بہت کم عرصہ میں مغل ویلفیئرسوسائٹی پاکستان کے 35 سے زائد شہروں میں قائم ہو چکی ہے جس کے تحت عوامی ویلفیئر اور سماجی بہبود کے کام کئے جا رہے ہیں، ہمارا ارادہ پاکستان کے چاروں صوبوں میں مغل ویلفیئرسوسائٹی کا دائر کار بڑھانے کا ہے۔
مغل ویلفیئرسوسائٹی کا مقصد بلا تفریق سب کی خدمت ہے- ناداروں، غریبوں، مسکینوں، بے کس لوگوں، لاغرمریضوں، مستحق خواتین و حضرات، حصول علم کے خواہش مند طلباء و طالبات اور پسے ہوئے طبقہ کے لوگوں کی امداد اور خد مت ہمارا نصب العین ہے۔
غلام مصطفیٰ مغل، چودھری بشیر احمد شاہد، عبدالمجید مغل اور ماجدہ خانم کے علاوہ دیگر نے صحافت، انسانی حقوق اور سماجی ترقی میں گراں قدر خدمات انجام دینے والے (سوشل سائنٹسٹ) سماجی سائنسدان عبدالشکور مرزا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سوشل ورک میں عبدالشکور مرزا اپنی مثال آپ ہیں۔
انہوں نے چائلڈ لیبر کے خلاف بہت کام کیا ہے جس کے سب معترف ہیں اور انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، NGO کمیونٹی ڈویلپمنٹ کنسرن CDC کے بینر تلے انہوں نے اپنے علاقہ کے لئے بیشمار ترقیاتی اور فلاحی کام کئے ہیں جو دوسرے سماجی رضاکاروں کے لیے مشعل راہ ہیں۔
تقریب کے آخر میں عبدالشکور مرزا نے اپنے اعزاز میں تقریب منعقد کرنے پر مغل برادری اور مغل ویلفیئرسوسائٹی(پاکستان) کے سرپرست اعلیٰ عبدالمجید مغل کا شکریہ ادا کیا۔