پاکستان تحریک انصاف آئرلینڈ جسٹس گروپ کے زیراہتمام ڈبلن میں ورکرز کنونشن کا انعقاد

0

ڈبلن آئرلینڈ ( وسیم بٹ ) پاکستان تحریک انصاف آئرلینڈ جسٹس گروپ کے زیر اہتمام ڈبلن میں ایک ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں تحریک انصاف آئرلینڈ کے قائدین و کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

کنونشن کا آغاز تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کے ایگزیکٹیو ڈاکٹر گلزار احمد نے تلاوت قرآن پاک سے کیا نعت رسول مقبولؐ جنید خالد نے ادا کی جبکہ نظامت کے فرائض تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کے ایگزیکٹیو محی الدین اور پی ٹی آئی آئرلینڈ کے سابقہ جنرل سیکرٹری خالد خان نے ادا کیے۔

پی ٹی آئی آئرلینڈ یوتھ کے سیکرٹری حافظ محمد نعیم نے استقبالیہ پیش کرتے ہوئے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ورکر کنونشن کے اغراض و مقاصد بیان کئے ۔پاکستان قومی اسمبلی کے سابقہ ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے ویڈیو لنک سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کی چور ڈاکو حکومت نے ملک کی معیشت کو تباہ و برباد کر کے رکھ دیا ،بڑھتی ہوئی مہنگائی سے عوام کا معاشی قتل کیا جس سے غریب عوام کا ایک وقت کا کھانا بھی مشکل ہو گیا اور لوگ خودکشیوں پر اتر آئے انہوں نے نیب کے قانون کو تبدیل کر کے گیارہ سو ارب کی چوریاں کی ہیں، وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ مکمل طور پر ناکام ہیں ، وزیر خارجہ 70 سے زائد ممالک کا دورہ کر چکا ہے اور نتائج بالکل صفر ہیں اور اوورسیز پاکستانیوں سے ووٹ کا حق بھی چھین لیا گیا یہ لوگ ملک کو لوٹ رہے ہیں اور ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہے ہیں ۔

اس کے علاوہ مقررین میں صدر پی ٹی آئی آئرلینڈ عتیق باجوہ ،سولیسٹر چوہدری عمران خورشید ،سولیسٹر امتیاز خان ،مدثر علی ،سالس حسین ،مقصل امین ،محمد عباس،حافظ محمد نعیم اور سلمان جہانگیر نے موجودہ حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو قتل کرنے کی پوری کوشش کی گئی لیکن وہ مرد قلندر پوری ہمت و جرات کے ساتھ پاکستان کی عوام کی تقدیر بدلنے تک نہ جھک سکے گا اور نہ ہی بکے گا، اس کا مقصد پاکستانی عوام کو ان کے اصل حقوق دلانا ہیں۔

ہم سمجھتے ہیں کہ اس وقت وطن عزیز کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو تحریک انصاف ہی وہ واحد جماعت ہے جو اپنے قائد عمران خان کی قیادت میں ملک کو ان بحرانوں سے نکال سکتی ہے، صدر عتیق باجوہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف آئرلینڈ جسٹس گروپ پچھلے کئی سالوں سے اپنی بے پناہ صلاحیتوں کی بناہ پر کامیاب ہوتا آ رہا ہے جس میں وکلاء ،بزنس مین،ڈاکٹرز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ تعلیم یافتہ ،تجربہ کار،باوقار وبااخلاق اور وطن عزیز کی محبت سے سرشار خواتین و حضرات بڑی محنت اور ایمانداری سے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں، اب جب کہ ہمارے انٹراپارٹی الیکشن ہونے والے ہیں اس لیے ہم اپنے تمام محب وطن خواتین و حضرات سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنی سابقہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اور بالخصوص وطن عزیز کی سلامتی اور بقا کے لیے تحریک انصاف جسٹس گروپ کی ممبر شپ حاصل کے جسٹس گروپ کو کامیاب کریں۔

آخر میں ڈاکٹر گلزار احمد نے وطن عزیز پاکستان کی سلامتی و بقا اور عمران خان کی صحت و سلامتی کے لیے خصوصی دعا کروائی اور حاضرین کی تواضع پاکستانی لذیذ کھانوں سے کی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!