پیپلز یوتھ آرگنائزیشن اور پاک میڈیا فورم کے زیراہتمام جشن آزادی کی رنگارنگ تقریب

0

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستان کے جشنِ آزادی کا شاندار آغاز

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں پیپلز یوتھ آرگنائزیشن اور پاک میڈیا فورم کے باہمی تعاون سے اگست کا مہینہ شروع ہوتے ہی جشن آزادی کی مناسبت سے رنگارنگ تقریب سجائی گئی جس میں سیاسی، سماجی،ادبی شخصیات اور صحافیوں سمیت بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔

جشن آزادی کی مناسبت سے سجنے والی تقریب میں گلوکاروں نے فوک میوزک کے ذریعے سماں باندھا وہیں قومی نغمے گا کر جذبہ حب الوطنی سے شرکاء کو سرشار کیا جبکہ تمام افراد نے قومی پرچم لہرا کر پاکستان سے اپنی دلی محبت اور عقیدت کا اظہار کیا اور پاکستان زندہ باد اور پاک سعودی دوستی پائندہ باد کے نعرے لگائے۔

اس موقعہ پر پیپلز یوتھ آرگنائزیشن سعودی عرب کے صدر اور فوکل پرسن برائے وزارت اوورسیز پاکستانیز احتشام جاوید کوہلی اور جنرل سیکرٹری پی وائے او سعودی عرب اعجاز رحیم کا کہنا تھا کہ پاکستان ہماری پہچان ہے اور ہم اس کی ترقی و خوشحالی کے لئے دعا گو ہیں پاکستانی عوام باصلاحیت قوم ہے اور دیار غیر میں بسنے والے لاکھوں پاکستانی اور کشمیری پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں تاہم آزادی کے اس مہینے میں فیصلہ سازی کے حلقوں سمیت پوری قوم کو یہ عہد کرنے کی ضرورت ہے کہ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانے میں ہر ممکنہ کوشش کو آگے بڑھایا جائے گا۔

پاک میڈیا فورم کے چیرمین الیاس رحیم صدر ذکاءاللہ محسن سنئیر نائب صدر وقار نسیم وامق جنرل سیکرٹری رانا عظیم جوائنٹ سیکرٹری اجمل منہاس کا کہنا تھا کہ پاکستان پوری دنیا میں اہم مقام رکھتا ہے مگر گزشتہ چند سالوں سے پاکستان بدترین سیاسی اور معاشی بدحالی کا شکار ہے مگر ہمیں امید ہے کہ پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام جلد حاصل کر لے گا تاہم اسکے لئے ہماری سیاسی جماعتوں کو جمہوری اقدار کو اپنانا ہوگا اور ہمارے مقتدر قوتوں کو بھی آئین پاکستان کے تحت ملک و قوم کی خدمت کرنا ہوگی پاکستان کی عوام کو تقسیم در تقسیم کے عمل سے روکنا ہوگا تاکہ پوری قوم ایک جان ہوکر تعصب اور لسانی بنیادوں کو بلاطاق رکھ کر ترقی پسند سوچ اپنائے اور ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر ملک کو ڈھال سکے اور پاکستان ایک عظیم ملک اور اسکی عوام ایک مہذب قوم بن سکے۔

اس موقعہ پر قیام پاکستان کی جدوجہد اور ہجرت کرنے والے پاکستان کے نامور آرکیٹیکٹ نسیم احمد بھی شریک تھے جنھوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا تھا اسکے بنانے والوں نے جو خواب دیکھے تھے وہ ابھی تک پورے نہیں ہوئے اس لئے پاکستان کو اسلامی اور جمہوری ملک بنانے کے لئے ہمیں قائداعظم محمد علی جناحؒ کے افکار پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔

تقریب کے آخر میں جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!