سیالکوٹ میں ترکیہ کے یوم جمہوریہ کا صد سالہ جشن تزک و احتشام سے منایا گیا

0

دبئی (طاہر منیر طاہر) صدر ترکیہ رجب طیب ایردوان کے مترجم اور ترکیہ کے سرکاری نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی کی اردو سروس کے سربراہ ڈاکٹر فرقان حمید نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سرکاری سطح پرتو بڑے اچھے تعلقات ہیں لیکن دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے جس طرح پیار اور محبت سے پیش آتے ہیں اور ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہوتے اس کی بھی مثال ملنا مشکل ہے۔ شہراقبال کے سپوت خالد لطیف اس سلسلے میں جو کردار ادا کر رہے ہیں وہ لائق تحسین ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار سیالکوٹ کلچرل اینڈ آرٹ سینٹر اور سیالکوٹ ریڈیو لسنرز کلب کے زیر اہتمام محبوب پبلک سکول کشمیر روڈ سیالکوٹ میں ترکیہ کے یوم جمہوریہ کے صد سالہ جشن کے سلسلے میں منعقد ہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت چیئرمین سیالکوٹ کلچرل اینڈ آرٹ سینٹر خالد لطیف نے کی جبکہ نظامت کے فرائض ریڈیو براڈ کاسٹر ریحان امجد نے سرانجام دیئے۔

اس موقع پر کرکٹ کے عالمی شہرت یافتہ شیدائی صوفی عبدالجلیل چاچا کرکٹ، سابق صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ شاہد میر ایڈووکیٹ، چیئرمین سیالکوٹ ٹورزم اینڈ کلچرل فورم عبدالشکور مرزا، اور کوأرڈی نیٹر رحمان فاونڈیشن فری ڈائیلسز سینٹر سیالکوٹ محمد یونس چودھری بطورمہمان اعزازی موجود تھے۔ مہمان خصوصی ڈ اکٹر فرقان حمید نے مزید کہا کہ سیالکوٹ ریڈیو لسنرز کلب کے صدر زاہد حسین نے انہیں سیالکوٹ بلاکر اور پاک ترکیہ تعلقات کو انتہائی منفرد انداز سے بہتر بنانے کے لئے خالد لطیف کی کاوشوں سے آگاہ ہونے کا جو موقع فراہم کیا ہے اس پر وہ ان کا دلی طور پر شکریہ ادا کرتے ہیں جبکہ خالد لطیف کو مبارک باد پیش کرتے ہیں اور انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔

محبوب پبلک سکول کے بچوں نے ترکیہ کی ثقافت کا عملی مظاہرہ کرکے اور ان کا شاندار استقبال کرکے ان کا دل جیت لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس سے قبل پاکستان میں اس طرح کا پروگرام کبھی نہیں دیکھا۔ مہمان خصوصی ڈ اکٹر فرقان حمید نے کہا کہ وہ واپس ترکیہ جاکر سیالکوٹ کے عوام کی ترکیہ سے محبت کے پیغام کو نہ صرف سرکاری ریڈیو کے پروگراموں میں اجاگر کریں گے بلکہ اگر موقع ملا تو صدر ترکیہ طیب اردگان کو بھی بتائیں کہ خالد لطیف کی قیادت سیالکوٹ کے عوام ترکیہ کے عوام سے کتنا پیار کرتے ہیں۔

قبل ازیں صدر تقریب خالد لطیف نے ڈاکٹر فرقان حمید کی سیالکوٹ آمد پر انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان کاروباری تعلقات قائم کروانے کی تفصیل سے انہیں آگاہ کیا اور کہا کہ انہوں نے ابتدائی طور پر ان تعلقات کے حوالے سے پہلے انفرادی اور پھر اجتماعی طور پر جو کوششیں کیں الحمد للہ اب ان کے ثمرات سامنے آرہے ہیں اور یہ تعلقات انتہائی مضبوط شکل اختیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ہر سال ترکی کی سالگرہ پر باقاعدگی سے تقریبات کا اہتمام کرکے دلی سکون حاصل کرتے ہیں۔

مہمان اعزاز شاہد میر ایڈووکیٹ نے مسلم امہ کو درپیش مسائل خصوصاً فلسطین کے مسئلہ کے حل کے لئے پاکستانی عوام صدر طیب اردگان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ صوفی عبدالجلیل چاچا کرکٹ نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان اسلامی بھائی کا رشتہ روزبرز مضبوط ہو رہا ہے۔ عبدالشکور مرزا، محمد یونس چودھری اور لیاقت علی نے خالد لطیف کی طرف سے سیالکوٹ میں ادبی، ثقافتی اور فنون لطیفہ کے حوالے سے بھرپور تعاون پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ زاہد حسین نے ڈ اکٹر فرقان حمید کی خدمات کو سراہا۔

اس موقع پر محبوب پبلک سکول کے بچوں نے رنگا رنگ پروگرام پیش کئے۔ مہمان خصوصی نے ترکیہ کے صدسالہ جشن کا کیک بھی کاٹا اورانہیں شہر اقبال کا شاہین بھی پیش کیا گیا جبکہ ان کے اعزاز میں پرتکلف عصرانہ بھی دیا گیا جبکہ انہوں نے سیالکوٹ کلچرل اینڈ آرٹ سینٹر کا دورہ بھی کیا اور اسے سیالکوٹ کے عوام کے لئے خالد لطیف کی طرف سے ایک تحفہ قرار دیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!