بارسلونا:اردو دوست اور پاکستان فورم کے زیراہتمام قاسم علی شاہ کے ساتھ ایک نشست، پاکستانیوں کی بھرپور شرکت

0

بارسلونا (کاشف شہزاد سے) اردو دوست ایسوسی ایشن اور پاکستان فورم اسپین کے زیر اہتمام بارسلونا میں پاکستان کے معروف اسکالر، موٹیویشنل اسپیکر قاسم علی شاہ کے ساتھ ایک نشست کا اہتمام کیا گیا۔جس کی صدارت سید ذوالقرنین شاہ نے کی۔جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈاکٹر قمرفاروق نے سر انجام دئیے۔

نشست کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت قدیر احمد خان نے حاصل کی ،ہدیہ نعت اور صوفی کلام بھی قدیر احمد خان نے پیش کیا۔ڈاکٹر قمرفاروق نے استقبالیہ پیش کرتے ہوئے قاسم علی شاہ کی علمی اور عملی خدمات کا تذکرہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے مرحوم شعیب ستی کو بہترین انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا آپ کو صرف اور صرف انسان دوست ہونے کی وجہ سے یاد رکھتی ہے اور اس کی سب سے بڑی مثال بارسلونا میں راجہ شعیب ستی مرحوم ہیں جو انسان دوست شخصیت کے حامل تھے ،انہوں نے مزید کہا کہ راجہ شعیب ستی مرحوم کو اسی انسان دوستی کی وجہ سے آج بھی بارسلونا کے لوگ یاد کرتے ہیں اور محبت کا اظہار کرتے ہیں لہذا انسان کی سب سے بڑی اور پہلی شناخت انسان دوستی ہے۔

قاسم علی شاہ نے اپنے لیکچر میں بچوں کو وقت دینے کی اہمیت: تعلیم، اقدار اور ایمان پر مفصل بیان کیا۔انہوں نے کہا کہ ایک انسان کو بدلنے والا دوسرا انسان ہی ہوتا ہے۔ اس کی واضح مثال یہ ہے کہ اللہ (SWT) نے نہ صرف قرآن نازل کیا بلکہ ہمارے پیارے نبی محمد (SWS) کو بھی بھیجا۔

ان کے ذریعے ہم نے دیکھا کہ لوگ کیسے بدل گئے اور وہ خود دلوں اور زندگیوں کو بدلنے کا ذریعہ بنے۔ ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے، ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے بھائیوں کی زندگی کے ہر پہلو میں بہتری لانے میں مدد کریں،قاسم علی شاہ نےمحدودیت کے فلسفے کی اتنی شاندار اور آسان تشریح فرمائی کہ سب گِرئیں کھول کھول کر حاضرین کے سامنے رکھ دی،حاضرین تالیاں بجا کر داد دیتے رہے۔

قاسم علی شاہ نے ڈاکٹر قمرفاروق کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسپین میں میرا سب سے پہلا دوست ڈاکٹر قمر ہے اور یہاں پر آپ لوگوں سے ملاقات بھی انہی کی وجہ سے ممکن ہوئی ہے۔انہوں نے خاص طور پر سید ذوالقرنین شاہ کا شکریہ ادا کیا۔

نشست کے اختتام پر صدر مجلس سید ذوالقرنین شاہ نے قاسم علی شاہ اور تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا کہ وہ ہماری دعوت پر اس علمی نشست میں تشریف لائے صدر اردو دوست ایسوسی ایشن ڈاکٹر قمرفاروق اور صدر پاکستان فورم اسپین سید ذوالقرنین شاہ نے معروف اسکالر موٹیویشنل اسپیکر قاسم علی شاہ کو یاد گاری شیلڈ پیش کی اور ڈاکٹر قمرفاروق نے اپنی تین کتابوں”ابوالکلام آزاد سے انٹرویو””سراغ”اور “جہان خورشید “پیش کیں قاسم علی شاہ کے ریسٹورنٹ پر پہنچنے پر ڈاکٹر قمرفاروق ،سید ذوالقرنین شاہ اور دیگر کمیونٹی شخصیات نے پھولوں کے گلدستے پیش کرکے پرتپاک استقبال کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!