امدادی سامان میں ادویات، 112 خیمے، 50 بنڈل کمبل اور 384 پائونڈ وزن کے صابن شامل ہیں
برسلز(نمائندہ خصوصی) یوکرین کے جنگ سے متاثرہ لوگوں کی مدد کیلئے پاکستان سے انسانی امداد کی ساڑھے سات ٹن وزنی دوسری کھیپ آج پولینڈ کے دارالحکومت وارسا پہنچی ہے۔
پی اے ایف کے سی 130 طیارے کے ذریعے پاکستان کی جانب سے اس امدادی سامان میں ادویات، 112 خیمے، 50 بنڈل کمبل اور 384 پائونڈ وزن کے صابن شامل تھے۔
انسانی امداد کا سامان لیکر جب یہ پرواز وارسا کے چوپین ائیر پورٹ پر پہنچی تو وہاں اس کا استقبال پولینڈ کی وزارت خارجہ میں ایشیا پیسیفک ڈیپارٹمنٹ کے قائم مقام ڈائریکٹر کرزیز ڈوبرو ولسکی ،پولینڈ میں پاکستان کے سفیر ملک محمد فاروق اور پولینڈ میں پاکستان کے دفاعی اتاشی برگیڈیر قاسم نے کیا ۔ جبکہ پولش وزارت دفاع سے کرنل وٹالی سانچینکو اور لیفٹیننٹ کرنل اندری انوسوف شامل تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مسٹر ڈوبرو ولسکی نے یوکرین کے عوام کیلئے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے یکجہتی کے اس اظہار کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے دوسرے ممالک کے ساتھ یکجہتی کا یہ اظہار اور ضرورت مند ممالک کیلئے مدد بھیجنا ایک مثال ہے۔
دوسری جانب پولینڈ میں پاکستانی سفیر محمد فاروق ملک نے یوکرین کے عوام کیلئے حکومت پاکستان کی جانب سے بھیجے جانے والے اس سامان کو یوکرین تک پہنچانے میں مدد فراہم کرنے پر پولینڈ کی حکومت کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے مارچ میں بھیجے جانے والے سامان کو بھی پولینڈ ہی کی مدد سے یوکرینی عوام تک پہنچایا گیا تھا۔ اس حوالے سے پولینڈ کا کردار شاندار ہے جس کی ایک ایجنسی آنے والے امدادی سامان کو اپنی ٹرانسپورٹ کے ذریعے یوکرین میں ضرورت مندوں تک پہنچاتی ہے۔
انہوں نے اس موقع پر جنگ کے آغاز میں یوکرین کے جنگ زدہ علاقوں سے پاکستانی شہریوں کو نکالنے میں مدد دینے پر بھی پولینڈ کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے مطلع کیا کہ پاکستانی امدادی سامان کی ایک اور کھیپ لیکر ایک مزید طیارہ جلد ہی پولینڈ پہنچے گا۔