کویت پاکستان فرینڈشپ ایسوسی ایشن کے سرپرستِ اعلیٰ کی پاکستانیوں کو یومِ آزادی پر مبارکباد
سفیرِ پاکستان کویت ملک محمد فاروق اور پاکستانی عوام کے نام اپنا خیر سگالی پیغام بھی بھجوایا
کویت(محمد عرفان شفیق)کویت پاکستان فرینڈشپ ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ اور کویت میں مقیم پاکستان کی آواز مبارک سعدون المطوع (ایڈووکیٹ ) نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقعہ پر حکومت ِ پاکستان، سفیرِ پاکستان کویت ملک محمد فاروق اور پاکستانی عوام کے نام اپنے خیر سگالی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اُمتِ مسلمہ کی ڈھال ہے اور ہم اس کی ترقی،خوشحالی اور دفاع کے لیے ہمیشہ بارگاہِ الٰہی میں دعا گو رہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنی اکثر تقاریر میں “دل دل پاکستان جان جان کویت یا دل دل کویت جان جان پاکستان“ کہتا ہوں۔
میرے لیے یہ امر انتہائی مسرت اور اعزاز کا باعث ہے کہ گزشتہ 26 برس سے کویت پاکستان فرینڈشپ ایسوسی ایشن کی سرپرستی کر رہا ہوں۔
میں زندہ دلانِ پاکستان کو سرزمینِ کویت میں اخوت، محبت، دوستی اور وفا شعاری کے ایک مثال خیال کرتا ہوں جو کویتی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے اپنے اپنے کاروبارِ حیات میں مصروفِ کار رہتے ہیں۔