پاکستان تحریک انصاف متحدہ عرب امارات نے دبئی میں پاکستان کا 75 واں یوم آزادی منایا

0

ہم سب مل کر بہتر اور روشن پاکستان کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے،عرفان افسر اعوان

کمیونٹی کی بہترین خدمات پر خلیل اعوان کو عرفان افسر اعوان نے اعزازی شیلڈ پیش کی

دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان تحریک انصاف متحدہ عرب امارات کی طرف سے پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کی تقریب دبئی کے مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی ! تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت انوارا لحق ڈوگر نے حاصل کی ، تحریک انصاف کی سینئر رہنما ڈاکٹر رحمینہ ظفر نے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض انجام دیتے ہوئے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا۔

تقریب میں نامور سیاسی اور سماجی شخصیات کے علاوہ کثیر تعداد میں میڈیا کے ساتھیوں نے شرکت کی۔ مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے دیار غیر میں اپنی حب الوطنی کا بہترین عکس پیش کیا۔

پاکستان تحریک انصاف دبئی کے سابق صدر اور معروف سماجی شخصیت عرفان افسر اعوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پورے پاکستان اور دیار غیر میں بسنے والے پاکستانیوں کو جشن آزادی کی مبارکباد دی اور عہد کیا کہہم سب مل کر بہتر اور روشن پاکستان کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

تحریک انصاف یواےای کے جن دیگر رہنماؤں نے تقریب میں شرکت کی ان میں اجمل سعید ، سجاد عباسی ، انوار الحق ڈوگر، ڈاکٹر رحمینہ ظفر ، شکیل سرمد ، احمد حسن شیرازی اور محمد خلیل اعوان شامل تھے۔ دیگر شرکاء میں وسیم قمر اعوان، پاک ہزارہ ونگ یو اے ای کے امجد حسین علوی، شجاعت خان جدون اور راجا وسیم بھی شامل تھے۔

پاکستان تحریک انصاف یو اے ای اور کمیونٹی کی بہترین خدمات پر سینئر رہنما خلیل اعوان کو عرفان افسر اعوان نے اعزازی شیلڈ پیش کی اور ان کی بہترین خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔ پروگرام کے اختتام پر پاکستان کے پرچم کے رنگوں سے سجایا گیا ایک شاندار کیک بھی کاٹا گیا اور معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کےامن و سلامتی کے لیے دعاؤں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!