قوموں کی ترقی کیلئے تعلیم نسواں بے حدضروری ہے،فردوس عاشق اعوان

0

امارات میں پاکستانیوں کوسستی اورمعیاری تعلیم فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،پروفیسر شاہداقبال کاہلوں

سرحد یونیورسٹی راس الخیمہ کے فارغ التحصیل طلباء اور طالبات کو سندات اور ڈگریاں عطا کی گئیں

امارات میں مقیم تمام پاکستانیوں کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کوسرحد یونیورسٹی سے بین الاقوامی معیار کی تعلیم دلوائیں،مقررین

دبئی (طاہر منیر طاہر) دنیا میں وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جن کی خواتین پڑھی لکھی اور دنیا سے روشناس ہوتی ہیں،معاشرے کی ترقی میں یقیناً خواتین کا بڑا ہاتھ ہےجبکہ ایک پڑھی لکھی اورتعلیم یافتہ ماں اپنے بچوں، معاشرے اور قوم کے سدھار کا باعث بنتی ہے، لہٰذا صحت مند معاشرے اور قوم و ملک کے لیے کی ترقی کے لئے تعلیم نسواں بیحد ضروری ہے،ان خیالات کا اظہار سابق وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے دبئی میں سرحد یونیورسٹی راس الخیمہ کی طرف سے یونیورسٹی کے کے فارغ التحصیل طلباء اور طالبات کو اسناد تقسیم کرنے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں تعلیم نسواں پر خاص اور بھرپور توجہ دینی چاہیے تا کہ پڑھی لکھی مائیں بچوں کی مثالی تعلیم و تربیت کر سکیں جس سے مثالی معاشرہ جنم لے گا جس کے مثبت اثرات پوری پاکستانی قوم پر پڑیں گے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سرحد یونیورسٹی راس الخیمہ کی انتظامیہ کو بیرون ملک رہ کر تعلیمی میدان میں پاکستان کی خدمت کرنے پر مبارکباد پیش کی۔

اس موقع پر سرحد یونیورسٹی کے ڈائریکٹرپروفیسر شاہد اقبال کاہلوں نے کہا کہ ہم جذبہ حب الوطنی کے تحت اپنے پاکستانی بچوں کو سستی اوربین الاقوامی معیار کی تعلیم فراہم کر رہے ہیں، جس سے بہت سے لوگ استفادہ کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ سرحد یونیورسٹی راس الخیمہ کا اسٹاف انتہائی محنتی اور تربیت یافتہ ہے جو طلباء اور طالبات کو حصول تعلیم سے آراستہ کر رہا ہے۔

تقریب میں سرحد یونیورسٹی راس الخیمہ کے طلباء اور طالبات، ان کے والدین، یونیورسٹی کے اسٹاف، پاکستانی کمیونٹی کے لوگوں اور ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے حلقہ انتخاب سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی، جبکہ اسٹیج سیکرٹری نبراس سہیل نے انجام دیتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اورپروفیسر شاہد اقبال کاہلوں کا تعارف پیش کیا۔

تقریب سے عبدالکریم باجوہ، چودھری کاشف مجید، یاسر امتیاز اعوان اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے سرحد یونیورسٹی راس الخیمہ کی امارات میں تعلیمی خدمات کو سراہا اور والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے اپنے ملک کی یونیورسٹی میں داخل کروائیں اور اپنے پاکستانی ہونے کا حق ادا کریں۔

تقریب کے آخر میں سرحد یونیورسٹی کے ڈائریکٹرپروفیسر شاہد اقبال کاہلوں نے مہمان خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور دیگر مہمانوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!