اوسلو:پاکستان یونین ناروے کے زیراہتمام جشن آزادی اورسیدہ کوثرکے مجموعہ کلام’’عشق لاہوتی‘‘کی تقریبِ پذیرائی
مہمان خصوصی کے طور پر کمیونٹی ویلفئیراتاشی پاکستان ایمبیسی ناروے آصف حمید نے شرکت کی
تقریب میں پاکستان اور ناروے کے قومی ترانےبجائے گئے،پاکستانی افواج کے شہداء کی یاد میں خصوصی ڈاکومینٹری دکھائی گئی
ناروے میں مقیم شعرا ڈاکٹرسید ندیم،ادریس محمد لاہوری،پاکستان سے یاورعمران رشید، شاعرہ مینا جی اور عالمی و نغزگو شاعر جمشید مسرورکی خصوصی شرکت
دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان یونین ناروے کے زیر اہتمام پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کے حوالے سے شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، صدارت کے فرائض چوہدری قمر اقبال چیئرمین پاکستان یونین ناروے نے سر انجام دئیے۔
مہمان خصوصی کے طور پر کمیونٹی ویلفیئر اتاشی پاکستان ایمبیسی ناروے آصف حمید نے شرکت کی، مہمان اعزازی کے طورپر صدارتی ایوارڈ یافتہ شاعر جمشید مسرور اور لندن سے معروف شاعرہ سیدہ کوثرتقریب میں موجود تھیں۔
تقریب کا آغاز اسجد محمود کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا جبکہ عبدالرحمان نے عارفانہ کلام پیش کیا ،اس موقع پر پاکستان اور ناروے کے قومی ترانےبجائے گئے ،پاکستانی افواج کے شہداء کی یاد میں خصوصی ڈاکومینٹری دکھائی گئی اور وطن عزیز کی تعمیر و ترقی اور پاکستان میں ٹورازم کے فروغ کے لیے ایک ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی ۔
گجرات کے صحافی محمود اختر محمود کو پاکستان یونین ناروے کی طرف سے خصوصی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔ تقریب کے دوسرے دور میں لندن کی معروف شاعرہ سیدہ کوثر کی کتاب عشق لاہوتی کی تقریب پذیرائی کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت سینئر شاعر و نامور ادیب جمشید مسرور ( تمغہء امتیاز حکومت پاکستان ، آرٹسٹ ایوارڈ ہولڈر حکومت ناروے ) نے کی ۔
جبکہ اسٹیج پر مہمانانِ اعزازی کے طور پر چیئرمین پاکستان یونین ناروے چوہدری قمر اقبال اور ویلفیئر اتاشی آصف حمید موجود تھے،لندن کی معروف شاعرہ مہمان خصوصی سیدہ کوثر کی شاعری کی کتاب عشق لاہوتی پر ناروے میں مقیم شعرائے کرام ڈاکٹرسید ندیم ،ادریس محمد لاہوری ، پاکستان سے یاور عمران رشید ، شاعرہ مینا جی اور عالمی و نغزگو شاعر جمشید مسرور نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔
عالمی اور نغز گو شاعر ادیب جمشید مسرور نے سیدہ کوثر کی علمی و ادبی خدمات کو بھی سراہا ،ادبی دور کی مہمان خصوصی معروف شاعرہ سیدہ کوثر نے شاندار تقریب کے انعقاد پر چیئرمین چوہدری قمر اقبال کو مبارک باد پیش کی اور اپنی کتاب کی تدوین کے سلسلے میں تفصیل سے شرکاء محفل کو آگاہ کیا، نسائی شاعری اور ادب کے حوالے سے پر معارف خطاب بھی کیا۔
سیدہ کوثر نے اپنے مجموعہ کلام عشق لاہوتی سے منتخب کلام سنا کر سامعین سے خوب داد سمیٹی ۔ سینئر شاعر اور ادیب جمشید مسرور نے خطبہ صدارت کے دوران خوبصورت شاعری سے شرکائے محفل کے ذوق ادب کو طمانیت بخشی ۔