پاک سعودی مشترکہ بحری مشقیں نسیم البحر 14 اختتام پذیر، دونوں ممالک کی بحری افواج نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا

0

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں پاک سعودی مشترکہ بحری مشقیں نسیم البحر 14 اختتام پذیر ہوگئیں جس میں دونوں ممالک کی بحری افواج نے مشترکہ باہمی تعاون اور تجربات کو فروغ دیتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

سعودی عرب کی الجبیل بندرگاہ میں پاک بحریہ کے بحری بیڑے پی این ایس سیف پر اختتامی تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستانی سفیر احمد فاروق اور سعودی نیوی ایسٹرن ریجن کے ڈپٹی کمانڈر ساجر العنیزی کے علاوہ رئیر ایڈمرل اشتیاق احمد اور کموڈور عتیق الرحمن شریک تھے جبکہ دونوں برادر اسلامی ممالک کی بحری افواج کے جوانوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

اس موقعہ پر نسیم البحر 14 فوجی مشقوں کے کمانڈر کموڈور عتیق الرحمن عابد کا کہنا تھا کہ پاک سعودی بحری مشقیں کامیابی سے ہمکنار ہوئیں اس دوران دونوں ممالک کی بحری افواج نے باہمی تعاون اور تجربات کے تحت مشقوں میں حصہ لیا اور مختلف دفاعی مہارت اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

پاک سعودی بحری مشقیں ماضی میں بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہی ہیں اور یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا اور پاک بحریہ پاکستان کی سمندری حدود کی نگہبانی پر معمور ہے اور اسکا ہر جوان وطن کے دفاع کے لئے تیار کھڑا ہے۔

اس موقعہ پر پاکستانی سفیر احمد فاروق کا کہنا تھا کہ پاک سعودی مراسم جہاں دیگر شعبوں میں فروغ پا رہے ہیں وہیں دفاعی تعاون کو بھی آگے بڑھا رہے ہیں جس سے دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط اور مستحکم ہوتے ہیں اور ہم سعودی قیادت کے بھی مشکور ہیں جنھوں نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے اور پاکستان اور اسکی عوام سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا ہے۔

تقریب کے آخر میں پاک سعودی دوستی کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!