جدہ (خالدنواز چیمہ)سعودی عرب کی دعوت پر کانفرنس میں شرکت کیلئے پاکستانی صحافیوں کا وفد ریاض پہنچا، واپسی پر عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد جدہ تشریف لائے، وفد کے اراکین کے اعزاز میں سعود خان اور ندیم اختر نے ایک عشائیہ کا اہتمام کیا جس میں جدہ میں پاکستانی میڈیاکیلئے کام کرنے والے صحافیوں نے بھی شرکت کی۔
پاکستان سے آنے والے وفد میں دیگر کے علاوہ wenewsکے ہیڈ وسیم عباسی، indpendent urduکی ہیڈ آف سوشل میڈیا محترمہ سحرش قریشی جو اسلام آباد پریس کلب کی گورننگ باڈی کی ممبر بھی ہیں اور سماء نیوز کی رپورٹر محترمہ علیناء شاہد نے عشائیہ میں شرکت کی اور جدہ میں پاکستانی میڈیا کیلئے خدمات دینے والے صحافیوں سے ملاقات کی۔
پاکستان سے آنیوالے مہمان صحافیوں نے سعودی عرب کی ترقی پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہوتی ہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز ، اور ولی عہد محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب نے گزشتہ سالوں میں بے حد ترقی کی ہے اور پاکستان و پاکستانیوں کو اس پر فخر ہے کہ سعودی حکمران اور عوام پاکستان کے دیرینہ اور قریبی دوست ہیں ۔
جدہ میں کام کرنے والے پاکستانی میڈیا کے صحافی جن میں خالدنواز چیمہ، شعیب الطاف، جہانگیر خان، ریاض گھمن، احسان مغل،امیر محمد خان اور شباب بھٹہ سمیت دیگر موجود تھے، انہوں نے پاکستان سے آئے مہمان صحافیوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے میزبان سعودخان اور ندیم اختر کا شکریہ ادا کیا ۔
عشائیہ میں پاکستا ن میں میڈیا کے حالات پر سیر حاصل بات چیت ہوئی، دوران گفتگو پاکستان سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ نے بھی ٹیلیفون پر تمام صحافیوں کی خیریت دریافت کی اور مہمان صحافیوں اورجدہ میں موجود صحافیوں کی سیر حاصل ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا۔