لارڈ میئر سٹوک آن ٹرینٹ ماجد خان کا دورہ میرپور، والہانہ استقبال، راجہ نجابت حسین نے استقبالیہ دیا

0

میرپور/اسلام گڑھ( نیوز رپورٹر)برطانیہ کے شہر سٹوک آن ٹرینٹ کے لارڈ میئر ماجد خان کا جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت کے چیئرمین راجہ نجابت حسین (ستارہ پاکستان)کی دعوت پر آزاد کشمیر کا دورہ،میرپورعلاقہ بینسی پہنچنے پر شاندار والہانہ استقبال، بینسی میں جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین کی طرف سے استقبالیہ دیا گیا۔

قبل ازیں لارڈ میئر ماجد خان وزیراعظم آزاد کشمیر کے سپیشل ایڈوائزر کرنل ریٹائرڈ محمد معروف کے ہمراہ جب بینسی پہنچے تو ان کا شاندار والہانہ استقبال کیا گیا اس موقع پر ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاو کی گئیں اور انہیں ہار پہنائے گئے۔لارڈ میئر جب پنڈال میں پہنچے تو شرکاء نے کھڑے ہوکر ان کا پرتباک استقبال کیا۔

استقبالیہ تقریب سے لارڈ میئر ماجد خان، وزیراعظم آزاد کشمیر کے سپیشل ایڈوائزر کرنل ریٹائرڈ محمد معروف، جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین ،چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا،سابق مشیر حکومت راجہ شوکت خالق،ممتاز قانون دان ریاض نوید بٹ ایڈووکیٹ، مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر چوہدری جاوید قادر،سابق امیدوار اسمبلی سائیں ذوالفقار،کونسلر توقیر نجیب،چیئرمین میونسپل کمیٹی اسلام گڑھ انیس رضا کے علاوہ دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

استقبالیہ تقریب میںبزرگ رہنما حاجی ذوالفقار علی،سابق ڈائریکٹر اطلاعات چوہدری محمد رشید،سالار ممتاز چشتی،جے کے ایس ڈی ایم آئی کے سیکرٹری جنرل محمد اعظم ،سابق سیکرٹری جنرل مسلم کانفرنس یو کے محمد اعظم ،راجہ عبدالقیوم،راجہ غلام حیدر خان،راجہ محمد زمان خان،ممتاز بینکار راجہ محمد فاروق خان،سابق ایڈمنسٹریٹر لالہ تصدق رفیقی،کونسلر مسعود خان کے علاوہ مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے معززین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی،اسٹیج سیکرٹری کے فرائض امجد خان نے سرانجام دیئے۔

برطانوی لارڈ میئر سٹوک آف ٹرینٹ حاجی ماجد خان نے کہا کہ میں دو بار لارڈ میئر بننے والا پہلا پاکستانی ہوں۔جس شہر سے میں لارڈ میئر بنا ہوں وہاں سے 6 بار میں بلا مقابلہ کونسلر بنا ہوں، یہ میری وہاں سیاست میں بلاتفریق خدمات ، والدین کی دعاؤںاوراہلیان سٹوک کا مجھ پر اعتماد کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے بلدیاتی انتخابات میں نوجوانوں کی سیاست میں شرکت روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔نوجوان نسل ہمارا مستقبل اور پہچان ہیں ان کے ہاتھ مضبوط کرنے چاہیں۔انہوں نے کہاکہ اوورسیز کشمیری و پاکستانی نے برطانیہ میں جاکرزرمبادلہ کی صورت میں نہ صرف ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کیا بلکہ برطانیہ کی سیاست میں حصہ لیکر ریاست جموں و کشمیر اور تحریک آزادی کشمیر کو بھی اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیاہے ۔

جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کہاکہ لارڈ میئر حاجی ماجد خان اس خطہ کا عظیم سپوت اور ہمارااعزاز ہیں ،انہوں نے برطانیہ کی سیاست میں اہم کردار ادا کرکے ریاست جموں کا نام بھی روشن کیا ہے۔ ان کی سیاسی و سماجی اور تحریک آزادی کشمیر کے لئے دی جانے والی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.