پاکستان سفارت خانہ ویانا کے زیراہتمام قرأت و نعت کی محفل ،عالمی شہرت یافتہ قاری سید صداقت علی کی خصوصی شرکت

0

ویانا (اکرم باجوہ) پاکستان سفارتخانہ کے زیر اہتمام محفل قرأت و نعت کا اہتمام ،عالمی شہرت یافتہ معروف قاری سید صداقت علی آج کل امریکہ سمیت پیغام پاکستان کے سلسلہ میں یورپ بھر کے خصوصی دورہ پر ہیں اسی سلسلہ میں ویانا میں تشریف لانے پر پاکستان سفارت خانہ ویانا کے زیر اہتمام پاک اسلامک سنٹر مسجد المدینہ میں محفل قرأت و نعت کا اہتمام کیا گیا جس میں عالمی شہرت اور صدارتی ایوارڈ یافتہ قاری سید صداقت علی سمیت سفیرِ پاکستان آفتاب احمد کھوکھر اور سفارتی عملہ اور پاکستانی کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی۔

قاری سید صداقت علی اور سفیرِ پاکستان آفتاب احمد کھوکھر تقریب میں پہنچے تو مسجد المدینہ کی انتظامیہ علامہ غلام مصطفیٰ بلوچ،حاجی قمر حسین چوہدری،شیخ وحید احمد،محسن بلوچ نے مہمانوں کا استقبال کیا اور حسیب بلوچ نے پھول پیش کیے۔

صدارتی ایوارڈ ہولڈر اور پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ قاری و نعت خواں اور کئی قومی اعزازات حاصل کرنے والے قاری سید صداقت علی نے قرآن پاک کی آیات کی اپنے مخصوص انداز میٹھی آواز میں تلاوت کی اور نعت رسولؐ مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم بھی پیش کی تقریب میں حاضرین شرکاء ماشاءاللہ سبحان اللہ کہہ کر قاری صاحب کو خوب سراہتے رہے ۔

انہوں نے اجتماعی دعائیہ کلمات میں پاکستانی عوام کی خوشحالی اور پاکستان کی ترقی اور فوج پاکستان کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔تقریب میں نظامت کے فرائض ہیڈ آ ف چانسلری لیاقت علی وڑائچ نے ادا کرتے ہوئے حاضرینِ شرکاء محفل کا شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

تقریب میں استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے سفیر آفتاب احمد کھوکھر نے کہا کہ امن، ہمدردی اور انسانیت کا لازمی اتحاد قرآن پاک کے مرکزی پیغامات ہیں۔انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کو یاد دلایا کہ وہ اپنے طرز عمل اور معاملات کے ذریعے اسلام کے حقیقی پیغام کو امن کے مذہب کے طور پر اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔

انہوں نے قاری صداقت علی کو دنیا میں قرآن کی اشاعت اور پاکستان کے مفادات کی خدمت کے مشن سے مسلسل وابستگی پر سراہا، تقریب کے اختتام پر قاری سید صداقت علی اور سفیر پاکستان آفتاب احمد کھوکھر حاضرینِ شرکاء میں گھل مل گئے۔ آخر میں مہمانوں کو طعام پیش کیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!