پیرس(سید شاہ زیب ارشد)پیپلزپارٹی فرانس کے سابق صدر کامران گھمن کی جانب سے پارٹی کے 54 ویں یوم تاسیس کی تقریب کا انعقاد کیاگیا،تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والیہ وسلم سے ہوا، تقریب میں پیپلزپارٹی فرانس کے سینئر رہنماوں سمیت کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
نظامت کے فرائض پیپلزپارٹی فرانس کے سینئر رہنما قاضی عامر نے سرانجام دئیے،، ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کا کہنا تھا گذشتہ 3 سال میں جتنا پیپلزپارٹی نے عوام کیلئے کام کیا اتنا کسی جماعت نے نہیں کیا۔گذشتہ روز این اے 133 کے انتخابات میں پیپلزپارٹی نے پنجاب میں ہزاروں ووٹ حاصل کرکے ثابت کردیا کہ پیپلزپارٹی آنیوالے الیکشن میں پنجاب میں بھی بھرپور مقابلہ کرے گی۔
کامران گھمن کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی چاروں صوبوں کی جماعت ہے آنیوالے دنوں میں اگر خلائی مخلوق کی مداخلت نہ ہوئی تو پیپلزپارٹی ہی حکومت بنائے گی، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو شدید نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جتنا نقصان پاکستان کو عمران خان اینڈ کمپنی نے پہنچایا اتنا کسی دور حکومت میں نہیں ہوا ۔
قاضی عامر نے سانحہ سیالکوٹ کی بھرپور الفاظ میں مذمت کی اور حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ سانحہ میں ملوث کرداروں کو سخت سے سخت سزا دی جائے، اس دوران کارکنان کی جانب سے پیپلزپارٹی کے حق میں خوب نعرے بازی بھی کی گئی،تقریب کے آخر میں پارٹی رہنما ئوں نے پیپلزپارٹی کی 54 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔