پاکستانی اور سعودی نوجوان ملکر سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں: پاک سعودی دوستی فورم
ریاض (وقار نسیم وامق) پاک سعودی دوستی فورم کے صدر احمد حسین کی جانب سے پاک میڈیا فورم کے عہدیداروں سمیت کمیونٹی کے دیگر افراد کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس میں فیملیز کی بڑی تعداد موجود تھی جبکہ بچوں کی تفریح کے لئے بھی اہتمام کیا گیا تھا۔
عشائیے کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے احمد حسین کا کہنا تھا کہ دارالحکومت ریاض سمیت دیگر علاقوں میں موسمِ سرما کا آغاز ہوگیا ہے اور موسمِ سرما کو خوش آمدید کہنے کے لئے اس عشائیے کی شام کا اہتمام کیا گیا ہے تاکہ سردی کی شاموں کو ملکر بھرپور انداز کے ساتھ منایا جاسکے۔
پاک سعودی دوستی فورم کے حوالے سے احمد حسین کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں ایسے ہزاروں نوجوان ہیں جو یہیں پیدا ہوئے اور یہیں پر انہوں نے اپنے سعودی دوستوں کے ہمراہ ہر فیلڈ میں کام کرنا شروع کیا اور آج پاکستانی اور سعودی عرب کے نوجوان ملکر سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں اپنا اہم کردار نبھا رہے ہیں پاکستان ہماری شناخت اور ہماری پہچان ہے جس کے لئے ہماری ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ ہم اپنے وطن کی مثبت تصویر کو اجاگر کریں اور اس کے لئے ضروری یہ بھی ہے کہ سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پاکستانی ورکرز سعودی قوانین پر عمل یقینی بنائیں اور ملک کی نیک نامی کا باعث بنیں سعودی عرب ہمارا دوسرا گھر ہے اور اس کے تقدس کو بھی ہمیں ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو بہتر سے بہترین کی جانب لیکر جانا ہے۔
عشائیے میں شریک پاک میڈیا فورم کے عہدیداروں کے حوالے سے احمد حسین کا کہنا تھا کہ سعودی عرب بھر میں پاک میڈیا فورم نمائندہ صحافتی تنظیم ہے جو کہ پاک سعودی تعلقات کو صحافتی امور کے ذریعے نمایاں کرنے میں اہم ترین کردار ادا کر رہی ہے جبکہ کیمونٹی کی سرگرمیوں کو بھی اجاگر کرکے بہتر انداز میں خدمات انجام دے رہی ہے عشائیے میں شریک صحافیوں سمیت دیگر افراد نے احمد حسین کا شکریہ ادا کیا اور موسم سرما کے آغاز پر شاندار دعوت کو سراہا۔