بیرسٹر امجد ملک کے وائس چیئرمین پنجاب اوورسیز پاکستانیز مقرر ہونے پر مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کی جانب سے خیرمقدمی تقریب
ریاض (وقار نسیم وامق) پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن کی تشکیل کے حوالے سے مسلم لیگ ن سعودی عرب کے عہدیداروں کی جانب سے اجلاس منعقد کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے بیرسٹر امجد ملک کو پنجاب اوورسیز کمیشن کا وائس چیئرمین مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کی گئی۔
مسلم لیگ ن سعودی عرب کے صدر شیخ سعید احمد، سینئر نائب صدر محمود الحق ڈوگر، صدر ریاض ریجن عدنان اقبال بٹ، صدر یوتھ ونگ جی ایم اعوان، مخدوم امین تاجر، ڈاکٹر محمود باجوہ، صدر ہزارہ ریجن عبدالطیف سمیت دیگر کا کہنا تھا کہ 90 لاکھ سے زائد پاکستانی بیرون ممالک مقیم ہیں جو پاکستان کے چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں تاہم پنجاب میں اوورسیز کمیشن کا قیام انتہائی اہم ہے اور قابل ستائش ہے جس سے سمندر پار لاکھوں باسیوں کو اپنے مسائل کے حل کے حوالے سے بہترین پلیٹ فارم میسر رہے گا اور بیرسٹر امجد ملک انتہائی موزوں شخصیت ہیں جو بطور وائس چیئر مین پنجاب اوورسیز کمیشن اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔
مقررین کا مزید کہنا تھا کہ بیرسٹر امجد ملک انتہائی ذمہ دار شخصیت ہونے کے ساتھ ساتھ انتہائی شفیق انسان ہیں جنھوں نے ہمیشہ بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی بہتر انداز میں رہنمائی اور مدد کا فریضہ انجام دیا ہے اور اس سے قبل انہوں نے بطور چیئرمین او پی ایف بھی انتہائی گراں قدر خدمات انجام دی ہیں پنجاب اوورسیز کمیشن کی بدولت لوگوں کے مختلف مسائل بخوبی حل ہونگے اور یہ پنجاب حکومت کا احسن اقدام ہے جس پر وہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے مشکور ہیں جو اپنے وعدوں کی تکمیل کے لیے ہر ممکنہ اقدامات کر رہی ہیں۔
بیرسٹر امجد ملک نے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سمندر پار پاکستانی ہمیشہ ان کے دل کے قریب رہے ہیں اور وہ بذات خود عرصہ دراز سے بیرون ملک مقیم ہیں اس لیے اوورسیز کے مسائل سے باخوبی واقف ہیں بیرسٹر امجد ملک کا کہنا تھا کہ انکی یہ کوشش رہے گی کہ مسائل کو اچھے اور قانونی پہلوؤں کی صورت میں حل کیا جائے۔