ریاض کرکٹ لیگ کے صدر حنیف بابر کی جانب سے سعودی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کبیر خان کے اعزاز میں عشائیہ،شیلڈ بھی پیش کی
ریاض(وقار نسیم وامق)سعودی عرب میں ریاض کرکٹ لیگ کے صدر حنیف بابر کی جانب سے سعودی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کبیر خان کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس میں سفارت خانہ پاکستان کے افسران سمیت کمیونٹی ممبران نے شرکت کی اور پاکستان کے سابق کرکٹر کبیر خان کو سعودی عرب آمد پر خوش آمدید کہا۔
ریاض کرکٹ لیگ کے صدر حنیف بابر کی جانب سے دئیے گئے عشائیے میں سفارت خانہ پاکستان کے ہیڈ آف چانسری توصیف خاور سمیت کمیونٹی کے دیگر اہم افراد نے پاکستان کے سابق کرکٹر کبیر خان کو سعودی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے پر مبارکباد دی اور انہیں سعودی عرب آمد پر خوش آمدید کہا اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں کھلاڑیوں کو اب بہتر انداز میں کرکٹ سیکھنے کو ملے گی اور کھلاڑی بہتر انداز میں پرفارم کر پائیں گے۔
ریاض کرکٹ لیگ کے صدر حنیف بابر نے کہا کہ سعودی عرب میں کرکٹ کا مستقبل روشن ہے اور کبیر خان ایک منجھے ہوئے سابق کرکٹر ہونے کے علاوہ کامیاب کوچ بھی ہیں ان کی رہنمائی سعودی کرکٹ ٹیم اپنے کھیل کو بہتر بنائے گی اور کامیابی کی جانب بڑھے گی۔
آخر میں آر سی ایل کی جانب سے کبیر خان کو اعزازی شیلڈ بھی دی گئی اور انکی کامیابی کے لئے نیک خواہشات اور جذبات کا اظہار کیا گیا اس موقعہ پر کبیر خان نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سعودی عرب آکر بہت خوشی ہو رہی ہے اور جس طرح سے دوستوں نے ان کا خوش آمدید کہا ہے وہ اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔