پیرس(سید شاہ زیب ارشد)پیرس میں معروف شاعر ڈاکٹر محبوب کاشمیری کی کتاب ’’عکس آب‘‘ کی تقریب رونمائی ،مقامی شعراء نے خوبصورت کلام سنا کر خوب داد سمیٹی ۔
تفصیلات کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس کے مقامی ریسٹورنٹ میں شاعر ڈاکٹر محبوب کاشمیری کی کتاب ’’عکس آب‘‘ کی تقریب رونمائی کا انعقاد کیا گیا،،تقریب میں مقامی شعراء سمیت پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا اہتمام سینئر رہنما انٹرنیشنل پیس فورم فرانس مرزا ساجد جرال نے کیا ، تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک اور نعتِ رسول مقبول ﷺ سے ہوا۔
پروگرام کی صدارت شاعر عاکف غنی نے کی جبکہ مہمانان خصوصی میں عاشق حسین رندھاوی ،راجہ زعفران ظفر، راجہ اشفاق احمد ، اور مرزا مشتاق جرال شامل تھے،تقریب کو دو نشستوں میں رکھا گیا تھا پہلی نشست میں کتاب پر لوگوں نے مضامین پڑھے اور دوسری نشست میں مشاعرہ کا اہتمام کیاگیا۔
مشاعرے کی نظامت جنرل سیکرٹری بزم اہل سخن پیرس ایاز محمود ایاز نے کی ،مقامی شعرا نے اپنا خوبصورت کلام سنا کر حاضرین سے خوب داد وصول کی۔