ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کی جانب سے محترمہ بےنظیر بھٹو شہید کی برسی کے حوالے سے تقریب منعقد کی گئی جس میں پی وائے او کے سابق صدر پرویز شاکر مہمان خصوصی تھے جبکہ تقریب کی صدارت پی وائے او سعودی عرب کے جنرل سیکرٹری اعجاز رحیم اور صدر ریاض ریجن قریب اللہ خان نے کی جبکہ نظامت کے فرائض یسین اتماخیل نے ادا کیے۔
دارالحکومت ریاض میں پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کی جانب سے منعقدہ تقریب میں جیالوں نے بھرپور شرکت کی اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر پیپلز یوتھ آرگنائزیشن سعودی عرب کے جنرل سیکرٹری اعجاز رحیم اور پی وائے او ریاض ریجن کے صدر قریب اللہ خان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی پاکستان کی پہلی سیاسی اور جمہوری جماعت بن کر ابھری جس نے ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی قیادت میں ایک عام آدمی کے حقوق کو اجاگر کیا قوم کو یکجا کیا اور ملک کو ایسی اصلاحات دیں جو ملک و قوم کے مفادات کا تحفظ کرتی تھیں ۔
ذوالفقارعلی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو کو شہید کرکے پیپلز پارٹی کو دیوار سے لگانے کی ناکام کوشش کی گئی مگر آج بھی آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلزپارٹی ملک میں حقیقی جمہوریت کے لئے کوشاں ہے اور پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کا نوجوان طبقہ پارٹی کا ہراول دستہ ہے۔
تقریب سے مہمان خصوصی پی وائے او کے سابق صدر پرویز شاکر نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو ایک عظیم خاتون تھیں جنھوں نے حالات کا مردانہ وار مقابلہ کیا اور مخالفین کو اپنی سیاست سے شکست دی اور ہمیشہ جمہوری اقدار کو فروغ دیا بے نظیر بھٹو اپنے نام کی طرح بے نظیر تھیں جو پاکستان کے غریب عوام کا درد رکھتی تھیں مگر ان کو شہید کرکے جمہوریت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا اور ملک ایک بہادر اور بہترین لیڈر سے محروم ہوگیا۔
تقریب سے حاجی طاہر، چوہدری ظہور، اسحاق سافی، ریاض چوہدری، محمد نعیم، فضل خان، اعجاز الحق، الیاس رحیم، نور گلاب اتماخیل، سلطان محمود اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔