پیرس(سید شاہ زیب ارشد)یورپی یونین نے پی آئی اے پر سے یورپ، برطانیہ اور امریکا کیلئے عائد پابندیاں مکمل طور پر ختم کردیں، ذرائع کے مطابق اہم دستاویزی عمل کے بعد فروری میں پی آئی اے کی پروازیں یورپ کیلئے اڑان بھریں گی۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے پروازوں کی یورپ میں پابندی سے اوورسیز پاکستانیوں نے جن مشکلات کا سامنا کیا وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں مگر اب پی آئی اے کی یورپی پروازوں کیلئے پابندی ختم ہونے سے اوورسیز پاکستانیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، سوشل میڈیا پر پی آئی اے کی بحالی کی خبر ’’ ٹاپ ٹرینڈ ‘‘ بن چکی ہے، پی آئی اے کی بحالی کیلئے اوورسیز پاکستانی صحافیوں کے کردار کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔
دوسری جانب سیاسی نمائندگان نے بھی پی آئی اے بحالی کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کی ادھر اوورسیز پاکستانیوں نے بھی یورپی دورے پر آئی سیاسی شخصیات کے سامنے بھی پی آئی اے کی بندش پر نہ صرف سوال اٹھایا بلکہ احتجاج بھی کیا۔
پی آئی اے فرانس کی جانب سے بھی قومی پروازوں کی بحالی کیلئے جو اقدامات کئے گئے وہ بھی کسی سے ڈھکی چھپے نہیں ،لہذا یورپی یونین کی جانب سے پی آئی اے کی بحالی کا کریڈٹ کسی فرد واحد کو نہیں بلکہ اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کو جاتا ہے ، باوثوق ذرائع کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن کی پروازوں کو جلد روٹس پر بحال کرنے کیلئے کچھ اہم دستاویزی عمل جاری ہے۔
فروری کے آغاز میں پی آئی اے کی پروازیں یورپ کیلئے اڑان بھریں گی آئندہ چند دنوں میں پروازوں کے شیڈول کا بھی اعلان کردیا جائے گا ،واضح رہے بین الاقوامی تنظیم ’’ اکاو‘‘ نے پاکستان سول ایوی ایشن پر عائد تمام پابندیاں ختم کر دی ہیں ، پی آئی اے پر یورپ ، برطانیہ اور امریکا کے لئے عائد پابندیاں ختم ہوگئی ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن پاکستان کو’’اکاو‘‘ کی جانب سے موصول ہوئے خط میں عائد تمام پابندیاں ختم کرنے کا بتایا گیا ہے ،خط کے متن کے مطابق ہوا بازی کی بین الاقوامی تنظیم کی جانب سے سول ایوی ایشن اتھارٹی پر پائلٹس کو لائسنس جاری کرنے کی پابندی بھی ہٹالی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پائلٹس کے لائسنسز کی بھی جانچ پڑتال کی گئی ہے اوریجنل لائسنس رکھنے والے پائلٹس کو بحال کردیا گیا ہے جبکہ جعلی لائسنس والے پائلٹس کیخلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں، ’’اکاو‘‘ نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی پر اپنے تمام سیفٹی اعتراضات واپس لے لئے ہیں اور پاکستان کےاقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔