سعودی عرب میں پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے زیراہتمام ذوالفقارعلی بھٹو کی سالگرہ منائی گئی

0

ریاض(وقار نسیم وامق)سعودی عرب میں سابق وزیراعظم پاکستان ذوالفقارعلی بھٹو کی 94 ویں سالگرہ کے حوالے سے پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کی جانب سے کیک کاٹنے کی تقریب منعقد کی گئی جس میں شرکاء نے ذوالفقار علی بھٹو شہید کی ملک و قوم اور پارٹی کے لئے خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

سعودی دارالحکومت ریاض میں پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کی جانب سے پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی 94 سالگرہ کی تقریب میں جیالوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے جاگیر دار گھرانے میں آنکھ کھولی مگر ان کے دل میں ملک کی محبت اور عوام کا درد چھپا تھا پیپلزپارٹی بنا کر انہوں نے پاکستانیوں کو ان کے حقوق سے روشناس کروایا اور وزیراعظم بن کر پاکستان کو آئین دیا اور ملک کو ناقابل تسخیر بنانے کی بنیاد رکھی اور دولخت ہوئے ملک کو سنبھال کر اپنی حکومت کے کم عرصے میں ملک میں انقلابی تبدیلیوں کیں اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا آج بھی اگر آئین پاکستان پر عمل کیا جائے اور بھٹو شہید کی پالیسیوں کو آگے بڑھایا جائے تو ملک کی تمام اکائیوں کو یکساں حقوق میسر ہونگے۔

شرکاء نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی ایک جمہوری اور سیاسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ پاکستان سب سے پہلے ہے جس میں جمہور کی حکومت ہو اور جمہوری فیصلوں کے ذریعے آگے بڑھا جائے آج بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلزپارٹی اور پی وائے او جمہوری سفر پر گامزن ہے اور ہم پاکستان میں جمہوری نظام کی بحالی کے لیے اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔

تقریب میں جیالوں نے کیک کاٹ کر ذوالفقار بھٹو شہید سے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار بھی کیا تقریب سے پی وائے او سعودی عرب کے صدر احتشام جاوید کوہلی، جنرل سیکرٹری اعجاز رحیم، صدر ریاض ریجن قریب اللہ خان، شکیل شیخ، پرویز شاکر، یسین اتمان، حاجی طاہر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!