اورسیز پاکستانی صحافیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے حکومتی سطح پر اقدامات کرینگے،گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور

0

ویانا(اکرم باجوہ)انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کی جانب سے نئے سال کی آمد پر پہلی آن لائن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز آیات ربانی کے ساتھ وسیم بٹ نے کیا۔ جبکہ نظامت کے فرائض جنرل سیکرٹری مہوش ظفر نے ادا کیے۔

برطانیہ سے ایسوسی ایشن کے چیئرمین وسیم چوہدری ساؤتھ افریقا سے تنظیم کے صدر شاہد چوہان اور واشنگٹن سے سینئر نائب صدر خرم شہزاد نے انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کے تنظیمی ڈھانچے اور تنظیم کے اغراض ومقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ صحافی برادری نے ہمیشہ مثبت سرگرمیوں کے ذریعے ملک وقوم کی خدمت کی ہے۔ لہٰذا انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے نہ صرف سراہا جائے بلکہ صحافی برادری کے تخفظ کےلیے کلیدی اقدام اٹھا ئے جائیں۔

اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری سرور نے انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کے عہدیداران کا شکریہ ادا کرتے ہو ئے انہیں یقین دلایا کہ وہ صحافی برادری کے حقوق کا خیال رکھیں گے۔ انھوں نے کہا کہ وہ انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کی جانب سے کسی بھی نشاندہی پر نہ صرف کام کریں گے بلکہ ہمیں ملکر پاکستان کے درخشاں مستقبل کی خاطر نمایاں کردار ادا کرنا چاہئے۔ انھوں نے تنظیم کے ممبران کو گورنر ہاؤس اور صدر پاکستان کے ساتھ ڈیلی گیشن کی صورت میں ملنے کی دعوت بھی دی اور کہا کہ آپ اپنی تنظیم سے تین چار ممبران کو ہمارے گروپ میں بھی شامل کریں جو ہمیں اوورسیز کے مسائل کی نشاندہی اور انکے حل سے متعلق آگاہی دیں۔

انھوں نے موجودہ ملکی حالات اور اوورسیز کے مسائل کے حوالے سے حکومت پاکستان کا موقف بیان کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ہمیں کمیونٹی کے وسیع تر مفاد کی خاطر اپنی خدمات جاری رکھنی ہونگی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت بیشمار مسائل کی دلدل میں پھنسنے کے باوجود ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انھوں نے جاپان سے سینئر صحافی عرفان صدیقی کے سوال کا جواب دیتے ہو ئے یقین دلایا کہ جاپان میں لاوارث پاکستانیوں کی میتیوں کے جلا ئے جانے کے واقعات پرتشویش ہوئی ہے۔ اس بات کا نوٹس بہت جلد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جاپانی سفیر کے ساتھ ملاقات کے بعد کیا جا ئے گا۔ بلکہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ بھی یہ معاملہ بیان کروں گا۔

سویڈن سے حافظ عمران نے جی ایس پی پلس اور کاروباری صنعت کو وسعت دینے کے حوالے سے بات کی۔ پروگرام میں دنیا بھر کے 37 ممالک میں آباد صحافیوں نے شرکت کرتے ہو ئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دیار غیر میں رہتے ہو ئے نہ صرف پاکستان کے مثبت چہرے کو اجاگر کریں گے بلکہ اوورسیز کمیونٹی کے مسائل کی نشاندہی اور اسکے حل کےلیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے اور نئی نسل کی آبیاری اور انکے اندر پاکستانیت کو زندہ رکھنے کےلیے اپنا قومی فریضہ ادا کرتے رہیں گے۔

اجلاس میں وسیم چوہدری،مہوش ظفر،شاہد چوہان،عقیل قادر،رانا عظیم،حافظ عمران،عرفان صدیقی،شاہد گھمن،امتنان کاکاخیل،محمد عرفان شفیق،مقدس مجید،خالد چوہدری،فرید انصاری،وقار خان،اکرم باجوہ ویانا،وسیم بٹ،الیاس رحیم،اجمل حسین،جواد عظیمی،کرن خان،ریاض بلوچ،ضیاء سید اور عظیم ڈار نے بھرپور شرکت کی اور گورنر پنجاب چوہدری سرور کے ساتھ تعارفی نشست کے دوران اوورسیز کمیونٹی کی سرگرمیوں اور مسائل پر مبنی سیر حاصل گفتگو کی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!