سفیر پاکستان آفتاب احمد کھوکھر کی جانب سے آسٹریا اور سلواکیہ میں پاکستانی کمیونٹی کیلئے ای کچہری کا انعقاد
ویانا (اکرم باجوہ) سفارت خانہ پاکستان ویانامیں آسٹریا اور سلوواکیہ میں پاکستانی کمیونٹی کی سہولت کے لیے ای کچہری کا انعقاد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریا اور سلواکیہ میں پاکستان کے سفیر آفتاب احمد کھوکھر نے آسٹریا اور سلواکیہ میں پاکستانی کمیونٹی کے لیے ماہانہ ای کچہری کا انعقاد کیا۔آسٹریا میں مقیم پاکستانیوں نے اجلاس میں شرکت کی۔
سفیر پاکستان آفتاب احمد کھوکھر نے اپنے ابتدائی کلمات میں بتایا کہ پاکستان نے دسمبر 2021 میں اسلام آباد میں افغانستان کے بارے میں او آئی سی کے وزرائے خارجہ کی کونسل (سی ایف ایم) کے ایک انتہائی کامیاب غیر معمولی اجلاس کی میزبانی کی تھی۔
انہوں نے کمیونٹی کو 5 فروری کو بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ایک تقریب منعقد کرنے کے بارے میں آگاہ کیا۔ سفیر آفتاب احمد کھوکھر نے بتایا کہ بلوچستان پولیس نے پاکستانیوں کی سہولت کے لیے مختلف دستاویزات جیسے کریکٹر سرٹیفکیٹ کی آن لائن تصدیق کے لیے بلوچستان خدمت مرکز کا آغاز کیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سفارت خانے نے اسی دن پاور آف اٹارنی کی واپسی شروع کردی ہے جس سے کمیونٹی کا وقت بچ جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کا مقصد کمیونٹی کو سہولت فراہم کرنا تھا کیونکہ انہیں دو بار سفارت خانے کا چکر نہیں لگانا پڑے گا۔ کمیونٹی ممبران نے اپنے مشاہدات شیئر کیے اور سوالات پوچھے جن کا سفیر کھوکھر نے مناسب جواب دیا۔