یورپی یونین کا انٹرنیشنل کرمنل کورٹ سے اظہارِ یکجہتی، عدالت کی خودمختاری کا دفاع جاری رکھنے کا اعلان
برسلز( حافظ اُنیب راشد ) یورپین یونین نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ جرائم کی بین الاقوامی عدالت( انٹرنیشنل کرمنل کورٹ ) کی نہ صرف حمایت جاری رکھیں گے بلکہ اس کی حفاظت بھی کریں گے۔
اس عزم کا اعادہ یورپین یونین کی جانب سے اس کی خارجہ و سیکیورٹی امور کی سربراہ کاجا کلاس نے اپنے ایک پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرمنل کورٹ دنیا بھر میں ہونے والے سنگین ترین جرائم کے پیش نظر انصاف کو برقرار رکھتا ہے۔ اس لیے اسے اپنے اصولوں پر قائم رہنے کیلئے ہر طرح کے دباؤ سے آزاد رہنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہاکہ ہم ہمیشہ اس کے اس اہم کام کی حمایت جاری رکھتے ہوئے اس کی آزادی کی حفاظت کریں گے۔یاد رہے کہ ان کا یہ بیان گذشتہ روز امریکی حکام کی جانب سے اس کے پراسیکیوٹر جنرل کریم خان پر پابندیوں کے بعد اس کے چار ججوں کے خلاف پابندیوں کے نئے فیز کے بعد سامنے آیا ہے۔
یہ بھی یاد رہے کہ کریم خان کا جرم یہ تھا کہ انہوں نےاسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے خلاف جنگی جرائم میں گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا تھا۔ جس کے بعد سے امریکہ نے دی ہیگ نیدرلینڈز میں قائم انٹرنیشنل کرمنل کورٹ کے خلاف باقاعدہ محاذ کھول کر اس کے عملے کے خلاف اقدامات شروع کر رکھے ہیں۔
اب اس نے ایک قدم آگے بڑھکر عدالت کے 4 ججوں کے خلاف بھی پابندیاں عائد کردی ہیں۔واضح رہے کہ اپنے اس حمایتی بیان میں کاجا کلاس نے کہیں بھی امریکہ کا نام نہیں لیا اور نہ ہی اس کے اس فیصلے کی مذمت کی ہے ۔