برسلز (حافظ اُنیب راشد) کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کےاس بیان کی تعریف کی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں امن و خوشحالی مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے مشروط ہے۔
یاد رہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی پاکستانی سفارتی وفد بدھ کے روز یورپی ہیڈکوارٹر برسلز پہنچے گا جہاں وہ یورپی یونین کے حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں (جیسے فوجی اہلکاروں کی طرف سے کشمیریوں پر تشدد اور ان کا قتل عام، غیرقانونی گرفتاریاں، اور سیاسی آوازوں کو دبانے جیسے ظالمانہ ہتھکنڈے) کو اجاگر کریں۔
انہوں نے کہاکہ بھارت نے گذشتہ ماہ پاکستان اور آزاد کشمیر پر جارحیت کی، خاص طور پر آزاد کشمیر پر حالیہ حملوں میں نہتے شہریوں کو شہید کیا اور مقبوضہ کشمیرمیں لوگوں کو بے جا ہراساں کرکے انکے گھروں کو تباہ کیا گیا۔علی رضا سید نے کہاکہ یورپی یونین بھارت کو اس طرح کے جارحانہ اقدامات سے روکے اور پاکستان کشمیر کے تنازعے کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت پرامن حل یقینی بنانے کے لیے یورپی یونین کی مدد حاصل کرے۔
انہوں نے کہاکہ یورپی یونین کو خاموشی ترک کرتے ہوئے بھارت کو اس کی حالیہ جارحانہ اور ظالمانہ کاروائیوں پر جوابدہ ٹھہرانا ہوگا۔ انہوں نے زور دے کر کہاکہ دنیا مقبوضہ کشمیر کی گھمبیر صورتحال پر آنکھیں بند نہیں کر سکتی جبکہ کشمیری ظلم اور تشدد سہہ رہے ہیں۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے مزید کہا کہ ہم بھٹو زرداری کی واشنگٹن میں کوششوں جن میں انہوں نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی سمیت بھارت کے مظالم کو بے نقاب کیا، کی تعریف کرتے ہیں اور ان سے یورپ میں بھی اسی جذبے کے ساتھ آواز اٹھانے کی درخواست کرتے ہیں۔
کشمیر کونسل یورپ کے چیئرمین علی رضا سید نے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری خاتمہ کیا جائے۔ بھارت کے جنگی جرائم کی یورپی یونین کے زیر نگرانی تحقیقات کی جائے اور کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق مسئلہ کشمیرکے پرامن حل کے لیے بھارت پر سفارتی دباؤ ڈالا جائے۔