ایتھنز (پرویز احمد مغل سے) بحرِ عرب میں اس وقت ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی جب ایک سنگاپور کے پرچم بردار کارگو جہاز MV Wan Hai 503 میں زوردار دھماکوں کے بعد آگ بھڑک اُٹھی، جس کے نتیجے میں جہاز کا عملہ خطرے میں پڑ گیا اور 40 سے زائد کنٹینرز سمندر میں گر گئے۔
یہ واقعہ بھارت کی ریاست کیرالہ کے ساحل سے تقریباً 144 کلومیٹر دور اس وقت پیش آیا جب جہاز ممبئی کی بندرگاہ کی جانب رواں دواں تھا۔ جہاز پر موجود کئی دھماکوں اور تیزی سے پھیلتی آگ کے باعث متعدد عملے کے افراد نے جان بچانے کے لیے سمندر میں چھلانگ لگا دی۔
بھارتی بحریہ اور کوسٹ گارڈ کے امدادی جہاز INS Surat نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 18 عملے کے افراد کو بچا لیا، تاہم 4 افراد تاحال لاپتہ ہیں جن میں دو کا تعلق تائیوان، ایک کا انڈونیشیا اور ایک کا میانمار سے ہے۔
جہاز میں موجود کنٹینرز میں ممکنہ طور پر خطرناک مواد کے باعث فضائی نگرانی تیز کر دی گئی ہے، جبکہ قریبی پانیوں میں آلودگی اور زہریلے دھوئیں کے اثرات رپورٹ کیے گئے ہیں، جس پر ماحولیاتی ماہرین نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی حکام نے حادثے کی تفتیش شروع کر دی ہے، ابتدائی معلومات کے مطابق تکنیکی خرابی یا کسی خطرناک کیمیکل کے اخراج کو ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔واقعے کے بعد سمندری ماحولیاتی نظام، بندرگاہی سرگرمیوں، اور تجارتی رسد پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لینے کے لیے ہنگامی حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے۔
یہ حادثہ عالمی بحری تجارتی نظام میں حفاظتی معیارات، خطرناک مواد کی ترسیل کے قواعد، اور عملے کی جان کے تحفظ کے حوالے سے سنجیدہ سوالات پیدا کرتا ہے۔