یونان میں ورلڈ چیمپئن ریسلر محمد انعام بٹ کا شاندار استقبال، پاکستانی کمیونٹی نے محبت اور جوش سے تاریخ رقم کر دی
ایتھنز (پرویز احمد مغل سے) ورلڈ چیمپئن ریسلر محمد انعام بٹ اور ان کے کوچ محمد بلال کا یونان میں پاکستان کمیونٹی اتحاد یونان کی جانب سے فقید المثال استقبال کیا گیا۔ چیئرمین ملک عبدالمجید اور صدر جاوید اسلم آرائیں کی قیادت میں مہمانوں کے پنڈال میں داخلے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، ڈھول کی تھاپ پر نوجوانوں نے والہانہ رقص کیا اور یوروز کی ویلوں کی بارش نے پنڈال کو جشن میں بدل دیا۔
پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد نعتِ رسول ﷺ پیش کی گئی۔ اسٹیج پر محمد انعام بٹ کے کارنامے تفصیل سے بیان کیے گئے، جنہوں نے دنیا بھر میں پاکستان کے لیے متعدد گولڈ میڈلز جیت کر ملک و ملت کا نام روشن کیا۔
محمد بلال ریسلر اور کوچ کو بھی اسٹیج پر بلایا گیا، جنہوں نے نہ صرف ریسلنگ میں شاندار کیریئر بنایا بلکہ محمد انعام بٹ جیسے عالمی چیمپئن کے کوچ کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ محمد بلال نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ جاوید اسلم آرائیں جیسے مخلص قائد کی زیر سرپرستی کام کرتے رہے، اور یہی وجہ ہے کہ وہ آج عالمی سطح پر پہچانے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر محمد انعام بٹ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونان میں ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے وہ اپنے وطن میں ہوں۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا اور نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ تعلیم اور محنت کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کا پرچم بلند کریں۔
صدر جاوید اسلم آرائیں نے اپنے خطاب میں محمد انعام بٹ کو پاکستان کا فخر قرار دیتے ہوئے ان کے اعزاز میں خصوصی شیلڈ پیش کی، جبکہ انعام بٹ کی جانب سے جاوید اسلم آرائیں کو بھی ان کی 25 سالہ کمیونٹی خدمات پر اعزازی شیلڈ دی گئی۔
مزید براں، ملک عبدالمجید کو محمد بلال کے ہاتھوں شیلڈ پیش کی گئی، جبکہ کبڈی ٹیم کے کپتان محمد شعیب گوندل، اسٹاپر مان ملک، کوچ اعجاز سیال، اور آرگنائزر وقاص گجر کو بھی انعام بٹ کے ہاتھوں شیلڈز دی گئیں۔
یہ تقریب نہ صرف یونان میں پاکستانی کمیونٹی کی اتحاد و یگانگت کی علامت بنی بلکہ انعام بٹ اور محمد بلال جیسے ہیروز کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا خوبصورت موقع بھی ثابت ہوئی۔