اشتعال کی صورت میں پاکستان کے اندر گہرائی تک جائیں گے، بھارتی وزیر خارجہ کا برسلز میں دھمکی آمیز بیان

0

برسلز(حافظ اُنیب راشد) انڈیا کے وزیر خارجہ ڈاکٹر جے شنکر نے پاکستان کو خبردار کیا ہے کہ ‘اشتعال انگیزی کی صورت میں بھارت پاکستان کے اندر گہرائی میں حملہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ یہ بیان انہوں نے معروف آن لائن نیوز ویب سائٹ ‘پولیٹیکو’ کو ایک انٹرویو میں دیا جسے بعد ازاں پولیٹیکو نے اس انٹرویو کی ہیڈ لائن بنایا۔

اخبار کی ہیڈ لائن کچھ یوں تھی کہ ‘اشتعال انگیزی کی صورت میں بھارت ‘پاکستان کے اندر گہرائی میں’ حملہ کرنے کے لیے تیار ہے، متزلزل جنگ بندی کے درمیان نئی دہلی نے خبردار کیا ہے۔’اس انٹرویو کے دوران جے شنکر نے پاکستان پر دہشت گردی کو بطور ایک ریاستی ہتھیار کے استعمال کرنے کے پرانے الزام کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس صورتحال کے ساتھ مسلسل نہیں رہ سکتے۔ ویب سائٹ کے مطابق جے شنکر نے کہا کہ ‘ ہم اس کے ساتھ نہیں رہنے والے ہیں۔ اس لیے ہمارا ان کے لیے(پاکستان) پیغام ہے کہ اگر آپ اسی طرح کی وحشیانہ حرکتیں کرتے رہے جو انھوں نے اپریل میں کی تھی، تو اس کا بدلہ لیا جائے گا، اور یہ انتقام دہشت گرد تنظیموں اور دہشت گرد قیادت کے خلاف ہوگا۔ "اور ہمیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ کہاں ہیں۔

اگر وہ پاکستان میں گہرے ہیں تو ہم پاکستان میں گہرائی میں جائیں گے،” انہوں نے مزید کہا۔اس انٹرویو کے دوران حالیہ پاک- بھارت مختصر جنگ کے متعلق بھی پولیٹیکو نے بیان کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے فرانس ساختہ انڈین جہاز گرائے جانے کی کہانی بیان کی۔ اس نے انڈین حکام کی جانب سے ان طیاروں کے گرائے جانے سے متعلق پہلے انکار اور پھر اقرار کو بیان کرتے ہوئے ڈاکٹر جے شنکر سے بھی سوال کیا۔

جواب میں انڈین وزیر خارجہ نے کہا کہ جہاں تک میرا تعلق ہے، رافیل کتنا موثر تھا یا واضح طور پر دوسرے سسٹم کتنے موثر تھے ، میرے نزدیک اس کا ثبوت پاکستانی تباہ شدہ اور ناکارہ ہوائی اڈے ہیں۔ انہوں نے کہا۔ "10 تاریخ کو لڑائی ایک وجہ اور صرف ایک وجہ سے رکی، جو کہ 10 تاریخ کی صبح ہم نے ان آٹھ پاکستانی ایئر فیلڈز کو ناکارہ بنا دیا۔” پولیٹیکو کے مطابق ڈاکٹر جے شنکر نے کہا کہ اس کے لیے میری بات نہ لیں بلکہ یہ وہ تصاویر ہیں جو گوگل پر دستیاب ہیں۔

آپ ان رن وے اور ان ہینگرز کو دیکھ سکتے ہیں جو ہٹ ہوئے ہیں”۔یورپین دارالحکومت برسلز میں دیے گئے اس انٹرویو کے بعد ایک بات واضح نظر آرہی ہے کہ انڈیا 10 مئی کے سیز فائر کو مستقبل قریب میں مستقل جنگ بندی کیلئے تیار نظر نہیں آرہا اور وہ اسے ہر گفتگو میں ایک ٹول کے طور پر استعمال کرے گا۔یہ صورتحال حالیہ پاک بھارت تنازعے کے بعد بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں برسلز آنے والے پارلیمانی وفد کو پیش نظر رکھنا ہوگی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!
[hcaptcha]