صدر حلقہ فکروفن ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری عاجز کے مجموعہ کلام نوائے عاجز کی تقریبِ رونمائی

0

ریاض(وقار نسیم وامق)سعودی عرب میں ادبی تنظیم حلقہ فکروفن کے صدر ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری کے شعری مجموعے نوائے عاجز کی تقریب رونمائی ہوئی جس کا انعقاد مسلم لیگ ن مڈل ایسٹ کے کو آرڈینیٹر اور چیئرمین حلقہءفکروفن شیخ سعید احمد کی جانب سے کیا گیا تھا جس میں کمیونٹی کی اہم سیاسی و ادبی شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر شیخ سعید احمد نے دیگر کے ہمراہ ڈاکٹر ریاض چوہدری کی کتاب نوائے عاجز کی رونمائی کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہاں اردو ادب نے بڑا نام کمایا ہے اور بے شمار شعراء کرام نے ایسا ادب تخلیق کیا ہے جو محبتوں کی زبان بھی ہے اور معاشرتی اصلاح کا ذریعہ بھی ہے مجلس پاکستان کے صدر رانا عبدالر ئوف نے کہا کہ کتاب کا رشتہ بہت پرانا ہے اور کتاب کی اہمیت سے انکار بھی نہیں کیا جاسکتا ہے اچھی کتاب انسان کی سب سے اچھی دوست ثابت ہوتی ہے جو اسکی رہنمائی کرتی ہے اسکے جذبات اور احساسات کو زبان بخشتی ہے۔

ہم اس اعتبار سے بڑے خوش قسمت ہیں کہ ہمارے پاس ڈاکٹر ریاض چوہدری موجود ہیں جو اپنے تخلیق کردہ ادب سے ہمیں مستفید کرتے رہتے ہیں رانا عبدالرؤف کی جانب سے ڈاکٹر ریاض چوہدری کو مجلس پاکستان اعزازی شیلڈ سے بھی نوازا گیا اس موقع پر ڈاکٹر ریاض چوہدری نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نوائے عاجز ان کی تیسری کتاب ہے اور جس طرح لوگوں کی جانب سے انہیں پذیرائی مل رہی ہے اس سے ان کو مزید ادب تخلیق کرنے کا حوصلہ مل رہا ہے۔

اردو ادب کے حوالے سے حلقہ فکروفن گزشتہ چالیس سالوں سے کام کر رہا ہے اور دیار غیر میں اردو ادب کو فروغ دیتا آرہا ہے میری بھی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ اردو ادب کے لئے کام کروں تاکہ اس کی بہتر انداز میں ترویج ہوسکے تقریب میں نظامت کے فرائض حلقہ فکروفن کے ناظم امور ڈاکٹر طارق عزیز نے انجام دئیے جبکہ ڈاکٹر محمود احمد باجوہ، ذکاءاللہ محسن ،سرور انقلابی اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا اور ڈاکٹر ریاض چوھدری کی ادبی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!