ریاض(وقار نسیم وامق)سعودی دارالحکومت ریاض میں سفارت خانہ پاکستان کے زیراہتمام یومِ یکجہتی کشمیر کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
سیمینار میں سابق سعودی سفیر برائے پاکستان علی عواد العسیر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور اسے کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
معروف کشمیری صحافی الیاس رحیم سفیرِ پاکستان
بلال اکبر کو قرارداد پیش کرتے ہوئے
سفارت خانہ پاکستان میں یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب میں پاکستانیوں سمیت مقیم کشمیری، سفارتی برادری، دفاعی حکام اور کمیونٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔سیمینار میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیر قانونی اقدامات اور بربریت کی شدید مذمت کی گئی اور کشمیریوں کی جائز جدوجہد کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا گیا۔
پاکستان میں سعودی عرب کے سابق سفیر علی عواد العسیری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، ہمیں صورت حال کا پرامن حل تلاش کرنا چاہیے، سعودی عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
سفیرِ پاکستان لیفٹیننٹ جنرل (ر) بلال اکبر نے اپنے کلیدی خطاب میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کے مطابق حق خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں کشمیر کے بہادر عوام کی پاکستان کی جانب سے مکمل سفارتی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کیا۔
5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر بلال اکبر نے اس بات کا واضح اور دوٹوک اعادہ کیا کہ ’’ہم ہمیشہ کشمیری عوام کی حمایت کریں گے۔‘‘
اس موقع پر کشمیری رہنماؤں نے اپنے خطبات میں بھارتی قابض افواج کے مظالم کو اجاگر کیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے حق خود ارادیت کے لیے ان کی منصفانہ جدوجہد سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
تقریب کی نظامت کے فرائض فرسٹ سیکرٹری سفارتخانہ پاکستان فیاض خان نے بخوبی سرانجام دئیے، معروف کشمیری صحافی الیاس رحیم نے مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے قرارداد پیش کی جبکہ اس موقع پر صدر پاکستان عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے پیغامات بھی بالترتیب مواحد کیانی، محترمہ ایمن اور توصیف خاور نے پڑھ کر سنائے۔
سیمینار کے نمایاں مقررین میں نزاکت علی گجر، سردار شعیب، ریاض راٹھور اور اقبال ودود شامل تھے۔