انسٹیٹیوشن آف انجینئرز سعودی عرب (IEP-SAC) کے زیر اہتمام سالانہ ٹیکنیکل سیمینار

0

 ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب کے شہر ریاض میں انسٹیٹیوشن آف انجینئرز سعودی عرب سینٹر (IEP-SAC) کے زیر اہتمام سالانہ ٹیکنیکل سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں انجینئر محمد اعجاز عمر نے Future of Hydrogen as an alternate fuel for Combined Cycle Power Plants کے عنوان پرایک پریزینٹیشن پیش کی۔

اعجاز عمر جو اکوا پاور (Acwa Power ) میں  بطور نائب صدر خدمات انجام دے ر ہے ہیں نے اپنی پریزینٹیشن میں بتایا کہ دنیا کی بڑی معیشتیں ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کے لیے ہایڈروجن گیس کو بطور متبادل ایندھن بجلی گھروں میں کس طرح استعمال کر رہی ہیں. اگر ہایڈروجن گیس کو ایک خاص تناسب کے ساتھ معدنیاتی گیس کے ساتھ ملایا جائے تو کاربن ڈائی آکسائڈ گیس کے اخراج میں بڑی کمی لائی جا سکتی ہے اور اس کے مضر اثرات سے ماحول کو بچایا جا سکتا ہے اور گلوبل وارمنگ جو دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے اس میں یہ جدید ٹیکنالوجی کس حد تک اپنا مثبت کردار ادا کر سکتی ہے۔

کورونا SOP’s  کا اہتمام کرتے ہوئے شرکاء کی ایک بہت بڑی تعداد آن لائن شریک ہوئی جس میں بیرون ملک شرکاء بھی شامل تھے جبکہ حاضرین کی ایک محدود تعداد نے ہوٹل میں براہ راست اس سیمینار میں شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، تقریب کے مہمان خصوصی سفارت خانہ پاکستان کے فرسٹ سیکرٹری محمد فیاض خان تھے،  سیمینار کنونیئر انجینئر ڈاکٹر رفیق چودھری نے مہمان خصوصی کو خوش آمدید کہا اور سیمینار کے مرکزی اسپیکر انجینئر محمد اعجاز عمر کا تعارف پیش کیا۔ اس موقع پر IEP-SAC کے جنرل سیکریٹری انجینئر عاصم صدیقی نے سینٹر کی activities   سے شرکاء کو روشناس کروایا۔

سینٹر کے شرقی ریجن کی ایکٹیویٹیز رپورٹ آن لائن  پیش کی گئی۔ اسکالرشپ کمیٹی کے چیئرمین انجینئر فاروق اقبال نے اسکالرشپ رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ IEP-SAC  پچھلے 25 برس سے پاکستان کی 12 پبلک سیکٹر یونیورسیٹیوں میں 96 اسکالرشپ تقسیم کر رہی ہے۔

تقریب کے مہمان خصوصی فرسٹ سیکرٹری سفارت خانہ پاکستان محمد فیاض خان نے اپنی تقریر میں  IEP-SAC  کی پاکستانی انجینئرنگ جامعات کے لیے خصوصی اسکالرشپ اسکیم کو اور ان خدمات کو جو وہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی انجینئرز کمیونٹی کے لیے انجام دے رہی ھے بہت سراہا اور ہر شعبے میں سفارت خانہ کے تعاون کا یقین دلایا۔

اس موقع پر مہمان خصوصی نے ( IEP-SAC) سالانہ ٹیکنیکل جرنل کے نئے شمارے کی رونمائی بھی کی اور جرنل کے اعلی معیار کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔IEP-SAC   کے چیئرمین انجینئر سید محمد اقبال نے اپنی تقریر میں ایونٹ کمیٹی  (Events committee ) کو ایک کامیاب سیمینار منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کی اور اس نوعیت کے پروگراموں کا سلسلہ جاری رکھنے کا یقین دلایا، انہوں نے سعودی حکومت اور ایمبیسی آف پاکستان کے ہر موقع پرتعاون کا شکریہ ادا کیا۔

آخر میں مہمان خصوصی نے سیمینار کے اسپیکر انجینئر  محمد اعجاز عمر کو اعزازی شیلڈ پیش کی۔ اس کے علاوہ ان تمام مصنفین کو جنہوں نے ٹیکنیکل جرنل کے تازہ شمارے میں مضامین لکھے، انہیں سرٹیفیکیٹ دیے گئے جبکہ سینٹر کے دیرینہ کونسل ممبر انجئنیر سید کرمانی کو تقریبا پچھلے 25 برس سے سالانہ جرنل میں ہر سال مضمون لکھنے پر نمایاں کارکردگی کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔  

تقریب کا اختتام گروپ فوٹو اور مہمان خصوصی کے لیے یادگاری شیلڈ پر ہوا جو انہیں IEP-SAC کے چیئرمین انجینئر سید محمد اقبال  نے پیش کی۔ سیمینار شرکاء کے ساتھ ڈنر پر اختتام پذیر ہوا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!