ریاض(وقار نسیم وامق)سعودی عرب میں سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے تعارفی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں نئے تعینات ہونے والے سفیر امیر خرم راٹھور نے سیاسی، سماجی، ادبی شخصیات کے علاوہ ڈاکٹرز، انجینئرز ،کاروباری ،صحافیوں سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقات کی۔
اپنے خطاب میں سفیر پاکستان امیر خرم راٹھور کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ہمارا قریبی دوست ملک ہے جس کے ساتھ ہمارے دوطرفہ تعلقات ہمیشہ مثالی رہے ہیں، حرمین شریفین کی بدولت ہماری سعودی عرب کے ساتھ روحانی اور ومذہبی عقیدت ہے۔
یہاں پر لاکھوں کی تعداد میں ورکرز ملکی سرمایہ ہیں جو اپنے وطن سے دور رہ کر زرمبادلہ کی صورت میں ملک و قوم کی خدمت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں اسکے ساتھ ہی دیگر اہم شعبوں میں کام کرنے والے افراد بھی اہمیت کے حامل ہیں جن کے متحرک کردار سے کمیونٹی فعال کردار ادا کر رہی ہے۔
سفیر پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اوورسیز پاکستانیوں کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں اور وہ اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے عملی طور پر کام کر رہے ہیں اور ہم یہاں کمیونٹی ممبران سے ملکر مسائل کو حل کرنے کی کوشش جاری رکھیں گے اور پاکستان کا مثبت چہرہ اجاگر کرنے کے لئے سرگرمیوں کو بھی جاری رکھا جائے گا ۔
امیر خرم راٹھور کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون جاری ہے، تجارتی بنیادوں پر بھی دونوں ممالک کے درمیان ہم آہنگی پائی جاتی ہے جسکو مزید فروغ دیا جائے گا، کیمونٹی ممبران کی جانب سے بھی سفیر پاکستان کو بھر پور تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی۔