ادارہ منہاج القرآن فرانس انٹرنیشنل کی جانب سے علامہ حسن محی الدین کے اعزاز میں عشائیہ

0

پیرس(سید شاہ زیب ارشد)ادارہ منہاج القرآن فرانس انٹرنیشنل کی جانب سے علامہ حسن محی الدین کے اعزاز میں اعشائیہ کا اہتمام کیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق ادارہ منہاج القرآن فرانس کی جانب سے شیخ الاسلام علامہ ڈاکٹر طاہر القادری کے بڑے صاحبزادے علامہ حسن محی الدین کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیاگیا ، عشائیہ کا اہتمام ادارہ منہاج القرآن فرانس لاکورنیو میں کیاگیا، اعشائیہ کی پروقار تقریب میں قائمقام سفیر پاکستان فرانس امجد عزیز قاضی و سفارتخانہ پاکستان فرانس کے عملے کے علاوہ فرانس میں مقیم مختلف سیاسی ،سماجی ،کاروباری ،صحافتی اور فلاحی تنظیموں کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلیہ وسلم سے ہوا جس کی سعادت یورپین مشہور نعت خواں عبدالقدیر خان اور زاہد محمود چشتی نے حاصل کی، نظامت کے فرائض قاری طاہر عباس گورائیہ نے سرانجام دئیے، علامہ حسن محی الدین قادری نے آقا دو جہاں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلیہ وسلم کی صفات پر تفصیلی روشنی ڈالی اس موقع پر انہوں نے ریاست مدینہ سے متعلق آپ صلی اللہ علیہ وآلیہ وسلم کے بنائے گئے قوانین کو تفصیل سے بیان کیا۔

انہوں نے کہا اگر حکمران آج آپ صلی اللہ علیہ وآلیہ وسلم کے ریاست مدینہ کیلئے بنائے گئے قوانین پر عملدرآمد کرتے تو سانحہ ماڈل ٹا ئو ن نہ ہوتا ، سانحہ پشاور نہ ہوتا سانحہ سیالکوٹ نہ ہوتا، انہوں نے کہا کہ آج حالات مختلف ہیں جس کیلئے ہمیں بھی خود کو تبدیل کرنیکی ضرورت ہے،پاکستان ائیرپورٹ پر پروٹوکول مل جائے تو سب اچھا مگر لائن میں لگنا پڑے تو نظام خراب ہوجاتا ہے، ٹیکس معاف ہوجائے تو پاکستان اچھا لگتا ہے مگر ٹیکس لاگو ہوجائے تو نظام برا لگنے لگ جاتاہے لہٰذا ہمیں خود کو بھی تبدیل کرنیکی ضرورت ہے۔

علامہ حسن محی الدین کا کہنا تھا کہ اگر ریاست مدینہ کے قوانین پاکستان پر لاگو کئے جائیں تو پاکستان جنت نذیر بن جائے گا ،انہوں نے بتایا کہ شیخ الاسلام نے قوم کو منہاج یونیورسٹی کا تحفہ دیا ،آج منہاج یونیورسٹی میں 17ہزار سے زائد طلبا وطالبات تعلیم حاصل کررہے ہیں ،آخر میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں ریاست مدینہ کب بنے گی پتا نہیں مگر منہاج القرآن میں سب سے پہلے ریاست مدینہ تیار ہوچکی ہے۔

قائمقام سفیر پاکستان فرانس امجد عزیز قاضی نے اپنے خطاب میں کہا کہ علامہ حسن محی الدین قادری نے جس ریاست مدینہ کی مثالیں دیں ،وزیراعظم پاکستان عمران خان بھی ہمیشہ اسی ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں اور اسی ریاست مدینہ کا سفر شروع ہوچکا ہے جس پر ہم وزیراعظم عمران کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،انہوں نے بتایا کہ کمیونٹی کے پرزور مطالبات پر عمل کرتے ہوئے سفارتخانہ پاکستان فرانس میں نادرا ڈیسک کا قیام ممکن ہوچکا ہے۔

تقریب کے آخر میں سفیر منہاج القرآن انٹرنیشنل یورپ حاجی نذیر احمد خان نے شہداء ماڈل ٹا ئون ، شہداء پاک فوج،شہداء کشمیر اور پاکستان کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا کروائی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!