ویانا:ادارہ المصطفیٰ انٹرنیشنل سنٹر کے زیر اہتمام سالانہ عظیم الشان ذکر نعت محفل معراج النبیؐ کا انعقاد
ویانا(اکرم باجوہ)آسٹریا کے دارالحکومت ویانا شہر میں ادارہ المصطفیٰ انٹرنیشنل سنٹر کے زیر اہتمام سالانہ عظیم الشان ذکر نعت محفل معراج النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا انعقاد ہوا۔جس کے مہمان خصوصی مانچسٹر سے تشریف لائے ہوئے معروف عالم دین حضرت علامہ غلام ربانی افغانی بانی و سربراہ ادارہ فیضان اسلام مانچسٹر تھے۔
اس نورانی محفل میں ویانا کے علا وہ جرمنی اور آسٹریا بھر سے پاکستانی کمیونٹی کی مختلف سماجی،سیاسی کاروباری شخصیات جن میں یورپ اور دبئی معروف سماجی شخصیت حاجی فاروق چوہدری،پاک فرینڈز آسٹریا کے صدر علامہ غلام مصطفیٰ بلوچ،سید نزیر شاہ،ای یو پاک فرینڈز شپ فیڈریشن آسٹریا کے صدر حاجی محمد ارشد باجوہ،وزیر اعلیٰ پنجاب کے کوآرڈینیٹر انسانی حقوق آسٹریا حاجی ملک آمین اعوان،معروف کاروباری شخصیت چوہدری مختار احمد ودیگر افراد نے بھرپور شرکت کی۔
محفل کا آغاز تلاوت قرآن سے ہوا۔تلاوت کی سعادت سید عبدالرحمٰن شاہ نے حاصل کی۔بارگاہ رسالت میں ہدیہ نعت پیش کرنے کی سعادت یورپ کے معروف نعت خواں شہر یار خان، ممتاز احمد، خلد عباس،مقصود مغل، ربانی خان، حفیظ اللہ قادری، چوہدری محمد اکبر،سید اظہر شاہ، باوا سید علی شاہ، ملک باسط اور نے حاصل کی۔جب کہ سید عبدالرحمن شاہ نے واقعہ معراج بیان کیا۔
نظامت کے فرائض ادارالمصطفیٰ سنٹر ویانا کے خطیب پروفیسر راجہ اظہر عباس سیالوی نے ادا کرتے ہوئے مہمان خصوصی اور حاضرین شرکاء کا محفل میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
مہمان خصوصی علامہ غلام ربانی افغانی نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے معراج کی سعادت حاصل کر کے اللہ تعالی کی بارگاہ میں عرض کی کہ مجھے اپنا بندہ کہہ کر عزت عطا فرما اور انسان کی معراج یہی ہے کہ وہ خود کو اللہ تعالی کا بندہ ثابت کرے اور سمجھے،اس کے ساتھ انہوں نے فرمایا کہ سائنس آج بھی جس طاقت کو حاصل نہیں کر پا رہی، سفر معراج میں اللہ تعالی نے اپنے محبوب نبیؐ کو وہ سب کچھ عطا کیا۔
عقل و سائنس آج بھی حیران ہے کہ رات کے اتنے مختصر حصہ میں یہ سارا سفر کیسے ممکن ہوا،آخر میں شہریار خان نے حاضرین شرکاء سے مل کر صلوۃ و سلام کیا اور علامہ غلام ربانی نے اجتماعی دعائیہ کلمات میں امت مسلمہ پاکستان کی ترقی اور امن و امان کے لیے اور حاضرین شرکاء محفل کے لواحقین جو اس دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں کہ مغفرت کے لیے خصوصی دعا کی۔
ادارہ المصطفیٰ کی انتظامیہ کی جانب سے شرکا محفل کے لئے کھانے کا وسیع اور بڑا خوبصورت اہتمام کیا گیا تھا ۔