سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار کاسٹیوم انٹرٹینمنٹ فیسٹول کا انعقاد،ہزاروں افراد کی شرکت

0

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں پہلی بار ریاض سیزن میں کاسٹیوم انٹرٹینمنٹ فیسٹول کا انعقاد کیا گیا جس میں فلمی اور کارٹون کرداروں کے روپ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

سعودی دارالحکومت ریاض میں موسم ریاض اپنی بھرپور رعنائیوں کے ساتھ جاری ہے جس میں سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کاسٹیوم انٹرٹینمنٹ فیسٹول کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

بلیوارڈ سٹی میں منچلے نوجوانوں نےعجیب و غریب بہروپ دھارے کوئی سپر مین بنا، کسی نے بیٹ مین اور اسپائیڈرمین کا روپ دھارا تو کوئی خلائی مخلوق بن کر سامنے آیا تو کوئی خوفناک بلا کا روپ دھارے لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔

ایونٹ میں نوجوانوں، بچوں،بڑوں اور بزرگوں سمیت ہزاروں افراد اپنے پسندیدہ سائنس فکشن، ہارر اور اینی میٹڈ سمیت کئی مشہور فلمی کرداروں اور ویڈیو گیمز کے کردار وں کا روپ دھارے ہوئے تھے جس کو دیکھنے والوں نے پسند کیا اور پہلی مرتبہ ایسے ایونٹ کے انعقاد کو بھی خوب سراہا۔

سعودی اور پاکستانی شہریوں سمیت دیگر غیر ملکیوں نے بھی اپنے پسندیدہ کرداروں کے ہمراہ خود کو پاکر بھرپور خوشی کا اظہار کیا جبکہ لائیو میوزک نے بھی خوب رنگ جمایا اور فیسٹول میں موجود افراد میوزک پر رقص کرتے رہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!