ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں پی آئی اے کے نئے آفس کے افتتاح کے موقع پر پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن کے سی او ائیر مارشل ریٹائرڈ ارشد ملک کا کہنا ہے کہ عمرہ زائرین کی سہولت کے لئے کرایوں میں کمی کی گئی ہے تاکہ ماہ رمضان میں زیادہ سے زیادہ افراد عمرہ کی سعادت حاصل کر سکیں۔
ان خیالات کا اظہار قومی ائیر لائن کے سی ای او ارشد ملک نے سعودی دارالحکومت ریاض میں قومی ائیر لائن کے نئے آفس کی افتتاحی تقریب کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا جس میں کیمونٹی ارکان کے علاوہ اہم سعودی شخصیات بھی شریک تھیں۔
اس موقع پر پی آئی اے کے سی ای او ائیر مارشل ریٹائرڈ ارشد ملک کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں لاکھوں پاکستانی مقیم ہیں جن کی سہولت کے لئے جدہ، مدینہ منورہ اور ریاض سمیت چھ ائیر پورٹس پر پی آئی اے اپنی پروازیں جاری رکھے ہوئے ہے اور جلد ہی سعودی عرب کے شہر ابھا کے لئے بھی فلائٹس شروع کر دی جائے گی۔
کووڈ 19 کے دوران پی آئی اے نے سعودی عرب کے لئے خصوصی فلائٹس کے ذریعے ہم وطنوں کو وطن واپسی کے لئے سفری سہولت فراہم کی اور فلائٹس کے بحالی کے ساتھ ہی خصوصی فلائٹ آپریشن کے ذریعے ہزاروں پاکستانیوں کو سعودی عرب واپس پہنچایا جو کہ ہماری بڑی کامیابی ہے اس سال ماہ رمضان سے قبل ہی عمرہ زائرین کے لئے کرایوں میں کمی کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی افراد عمرہ کی سعادت سے مستفید ہوسکیں۔
افتتاحی تقریب پر قومی ائیر لائن کے سی ای او ارشد ملک نے ریاض کے مینجر سید فہیم رضا اور سیلز مینجر شیخ ارشد کے ہمراہ پاکستانی اور سعودی ٹریول ایجنٹس میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔