سفارت خانہ پاکستان سعودی عرب کے زیر اہتمام یوم پاکستان کی تقریب،سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی خصوصی شرکت
ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں سفارت خانہ پاکستان کے زیر اہتمام یوم پاکستان کی پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں اسلامی عسکری اتحاد کے کمانڈر جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف اور نائب گورنر ریاض پرنس محمد بن عبدالرحمان بن عبدالعزیز سنیت دنیا بھر کے کئی سفارت کاروں نے بھرپور شرکت کی۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں یوم پاکستان کی پروقار تقریب میں سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے دنیا بھر کے کئی سفارت کاروں کو مدعو کیا گیا تھا جس میں چین، ملائشیا، ترکی، انگلینڈ، فرانس، مصر، ڈنمارک، بحرین، جاپان، انڈونیشیا اور دیگر اہم ممالک کے سفارت کار شریک تھے جبکہ ڈپٹی گورنر ریاض پرنس محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز اور اسلامی عسکری اتحاد کے کمانڈر جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔
اس موقع پر سفیر پاکستان امیر خرم راٹھور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان ہماری قومی تاریخ کا اہم ترین دن ہے اس روز ہمارے آباؤ اجداد نے پاکستان بنانے کی بنیاد رکھی اور لاکھوں قربانیوں کے بعد پاکستان وجود میں آیا آج کا پاکستان مستحکم اور مضبوط بنیادوں پر قائم ہے اور پوری دنیا میں ایک ذمہ دار ملک کے طور پر پہچانا جاتا ہے پاکستان کو گزشتہ سالوں میں کئی چیلنجز درپیش رہے جن سے اب پاکستان نکل چکا ہے اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور پاک سعودی تعلقات پہلے کہ نسبت مزید نمایاں ہوئے ہیں اور دونوں ممالک تمام شعبوں میں تعاون کو بڑھا رہے ہیں۔
تقریب کے آخر میں ڈپٹی گورنر ریاض پرنس محمد بن عبدالرحمن، جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف اور سفیر پاکستان امیر خرم راٹھور نے یوم پاکستان کا کیک بھی کاٹا۔