سعودی عرب:وزیراعظم عمران خان سے اظہار یکجہتی کیلئے پی ٹی آئی کے زیر اہتمام تقریب،سینکڑوں کارکنوں کی شرکت

0

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں وزیراعظم پاکستان عمران خان سے اظہار یکجہتی کرنے کے لئے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے تقریب منعقد ہوئی جس میں کارکنان کی بڑی تعداد شریک تھی جن کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی اور عمران خان ملک و قوم کی خدمت کا فریضہ انجام دیتے رہیں گے۔

سعودی دارالحکومت ریاض میں پاکستان تحریک انصاف ریاض ریجن کی جانب سے منعقدہ تقریب میں سینکڑوں کی تعداد میں ورکرز شریک تھے ،جن سے مقررین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عمران خان کی صورت میں ایک ایماندار اور بہادر لیڈر میسر آیا ہے جو ملک و قوم کی ترقی کا وژن بھی رکھتا ہے اور معاشرے میں رہاست مدینہ کا نعرہ لگا کر عدل و انصاف کا نظام بھی قائم کر رہا ہے ۔

گزشتہ تین سالوں سے پاکستان ترقی کر رہا ہے مگر اپوزیشن ملکی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے جو ایک مافیا کی صورت میں پاکستان کی بنیادوں کو کرپشن اور بدعنوانی کے ذریعے کھوکھلا کر چکی ہے مگر پاکستانی عوام کسی صورت وزیراعظم عمران خان کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور کرپٹ سیاستدانوں کا عمران خان کی قیادت میں احتساب اور محاسبہ جاری رکھے گی اور پوری دنیا میں موجود اوورسیز پاکستانی عمران خان سے اظہار یکجہتی کر رہے ہیں اور ہم ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

مقررین میں ڈا کٹر سلمان شاہد، فضل واحد، موسی خان، فضل علی، شبریز اختر،افضل قیوم، شاکر اللہ سمیت دیگر نے خطاب کیا جبکہ آخر میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کے حق میں بھرپور نعرے بازی بھی کی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!