کویت(محمد عرفان شفیق)عوامی نیشنل سنٹر کویت کی جانب سے سوسائٹی آف پاکستانی ڈاکٹرز اِن کویت کی نئے کابینہ اور نئے تعینات سفیر ملک محمد فاروق کے اعزاز میں عید مِلن ڈنر کا اہتمام ڈاکٹر جہانزیب کی رہائشگاہ پختونخواہ ہا ئوس خیطان میں کیا گیا جس میں کمیونٹی کے تمام سیاسی، سوشل اور پیشہ ورانہ تنظیمات کے سربراہان کے علاوہ کویت بھر کے ہسپتالوں میں خدمات سرانجام دینے والے سینئرز اور نئے تعینات ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف کے نمائندوں نے شرکت کی۔
سفیر پاکستان کے علاوہ سفارتخانہ پاکستان کے تمام افسران نے بھی شرکت کی جن میں کمیونٹی ویلفیئر اتاشی فرخ امیر سیال، انچارج ڈی افیر فیصل مجید کے علاوہ پاسپورٹ سیکشن کے انچارج شامل بھی تھے۔ معروف شخصیت حافظ محمد شبیر کے تلاوت کلام پاک سے تقریب کا آغاز ہوا اور عوامی نیشنل سنٹر کویت کے صدر ڈاکٹر جہانزیب نے مہمانوں کوخوش آمدید کہا اور نئے سفیر ملک محمد فاروق کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنے پہلے پبلک اجتماع میں آکر ہماری عزت افزائی کی۔ پشاور کے لئے معطل شدہ پی آئی اے کے فلائٹ کی بحالی اور ویزوں میں حائل مشکلات کا بھی تذکرہ کیا گیا۔
سوسائٹی آف پاکستانی ڈاکٹرز اِن کویت کے صدر ڈاکٹر شجاع الدین نے منتظمین کے ساتھ سفیر پاکستان کا بھی شکریہ ادا کیا۔ کمیونٹی ویلفیئر اتاشی فرخ امیر نے سفیر اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور اتنی خوبصورت محفل منعقد کرنے پر ان کو مبارکباد دی۔
سفیر محترم نے منتظمین کے شکریے کے ساتھ کمیونٹی کے مسائل کو جلد از جلد حل کرنے، کویت اور پاکستان کے تعلقات خصوصاً تجارت بڑھانے کے لئے خصوصی کوشش کرنے اور سفارتخانہ پاکستان کو تمام پاکستانیوں کے لئے ہمہ وقت کھلا رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سفارتخانے کی نئ بلڈنگ بنانے کی بھی کوشش کرنے کی نوید سنائی۔
تقریب میں تمام مقررین، جن میں سفارتخانہ افغانستان کے سابق چارج ڈی افیر فضل اللہ رشتین، پختونخواہ ہیلتھ کیر فورم کے کنوینر ڈاکٹر اشفاق آفریدی، نئے ڈاکٹروں کے فوکل پرسن ڈاکٹر رحمت اللہ، سوسائٹی آف پاکستانی ڈاکٹرز اِن کویت کے سابق جنرل سیکرٹری ڈاکٹر گل حسن کے علاوہ امیری ہسپتال کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے گروپ لیڈر فضل امین نے بھی خطاب کیا اور اس بے مثال اور یادگاری پاکستانی کمیونٹی کے عید پارٹی مِلن ڈنر پر عوامی نیشنل سنٹر کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔