پارٹی ٹکٹ ان لوگوں کو دینے چاہئیں جنہوں نے اپنے علاقہ میں بنیادی ورکرکا کردارادا کیا ہو

غیر معروف لوگوں کو ٹکٹ دینے سے اصل کارکن مایوس ہو رہے ہیں، طاہر ہندلی

ماضی میں ٹکٹوں کی تقسیم چند افراد کے کہنے پر کی گئی جس میں صحیح امیدواروں کا انتخاب نہیں کیا گیا تھا

عمران خان ٹکٹوں کی تقسیم سے قبل تمام ضلعوں کے کارکنوں سے خود ملیں،طاہر ہندلی، سینئر لیڈر پی ٹی آئی سیالکوٹ

دبئی(طاہر منیر طاہر)پارٹی ٹکٹ ان لوگوں کو دینے چاہئیں جنہوں نے بنیادی ورکر کا کردار ادا کرتے ہوئے اپنے علاقہ میں گراؤنڈ لیول پر کام کیا ہو نا کہ انتخابات کے دوران پارٹی ٹکٹس ایسے لوگوں کو دے دیے جائیں جنہوں نے بنیادی سطح پر کام ہی نا کیا ہو۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف ضلع سیالکوٹ کے سینئر لیڈر چودھری طاہر محمود ہندلی نے دبئی میں کیا۔

طاہر ہندلی کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام پاکستان تحریک انصاف ابو ظہبی کے صدر محمد ثقلین مہرو نے دبئی کے ایک ریسٹورنٹ میں کیا جس میں فہیم بیگ صدر پی ٹی آئی ام القوین، مرزا صفدر اقبال بابر صدر پی ٹی آئی عجمان، شاہد نزیر وڑائچ سابق جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی، یو اے ای، عبد المنعم ہیڈ ایونٹ مینجمنٹ کمیٹی، حمیرا ملک، ماجدہ خانم، چودھری محمد مجتبیٰ، اور ملک عباس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف متحدہ عرب امارات کے متعدد کارکنوں نے شرکت کی۔

اس موقع پرمہمان خصوصی چودھری طاہر محمود ہندلی نے کہا کہ انتخابات کے دوران اپنے علاقوں میں کام کرنے والوں کو ہی پارٹی ٹکٹ دیے جائیں تا کہ کارکن مایوس نہ ہوں، انہوں نے کہا کہ ماضی میں ٹکٹوں کی تقسیم چند افراد کے کہنے پر کی گئی جس میں صحیح امیدواروں کا انتخاب نہیں کیا گیا تھا جس کی وجہ سے پی ٹی آئی کو متعدد جگہوں پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

طاہر ہندلی نے کہا کہ آئندہ انتخابات کے دوران ٹکٹوں کی الاٹمنٹ کے وقت صحیح اور حقدار ورکرز کو ہی ٹکٹ الاٹ کیے جائیں تا کہ الیکشن میں اچھے نتائج سامنے آ سکیں،پی ٹی آئی یو اے ای کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہو ئےطاہر ہندلی نے اپنے لیڈر عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ٹکٹوں کی تقسیم سے قبل تمام ضلعوں کے کارکنوں سے خود ملیں تا کہ الیکشن سے بہتر نتائج حاصل ہو سکیں۔

طاہر ہندلی نے پی ٹی آئی یو اے ای کی ٹیم کے مثالی کام کو خراج تحسین پیش کرتے ہو ئے کہا کہ وہ سمندر پار رہتے ہوئے قیمتی زر مبادلہ پاکستان بھیج کر قوم و ملک کی بہترین خدمت کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کا قیمتی اثاثہ اور سرمایہ ہیں،عمران خان کی صورت میں ہمیں بہترین اور محب وطن لیڈر ملا ہے جس کی ہمیں قدر کرنی چاہیے۔

آنے والے وقت میں عمران خان ہی وہ واحد لیڈر نظر آ رہے ہیں جو پاکستان کا مقدر سنوار سکتے ہیں،موجودہ حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے طاہر ہندلی نے کہا کہ پاکستان کے حالات دن بہ دن ابتری کی طرف جا رہے ہیں، ملک میں مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے، لوگ فاقوں پر مجبور ہیں جبکہ حکومتی کارندے محض اپنی کرسی بچانے کے چکر میں ہیں اور انہیں عوام کی کوئی فکر نہیں۔

حکومت کی تمام تر پابندیوں کے باوجود عمران خان کی مقبولیت اندرون اور بیرون ملک بڑھ رہی ہے، جس سے یہ اخذ کیا جا سکتا ہے کہ آنے والا دور پھر پی ٹی آئی اور عمران خان کا ہے۔

الیکٹرانک ووٹنگ مشین (EVM) کے بارے ذکر کرتے ہوئے طاہر ہندلی نے کہا کہ دنیا کے بہت سارے ممالک میں ای وی ایم کا استعمال ہو رہا ہے جبکہ موجودہ حکومت نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال روک کر اوورسیز پاکستانیز کو ووٹنگ کے حق سے محروم کر دیا ہے جو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ساتھ شدید زیادتی اورنا انصافی ہے، جس کا ازالہ کیا جانا ضروری ہے۔

Comments (0)
Add Comment