دبئی میں مقیم کم عمر پاکستانی بچے حذیفہ علی کی کتاب My Friend Dinosaur کی تقریب رو نمائی

تقریب کا اہتمام پاکستانی خواتین کی تنظیم واؤ ( WOW) نے کیا

تنظیم کی طرف سے حذیفہ علی کو اعزازی شیلڈ بھی دی گئی

دبئی(طاہر منیر طاہر) دبئی میں پاکستانی خواتین کی تنظیم Women of Wisdomواؤ ( WOW) کے زیر اہتمام ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کا اہتمام واؤ ( WOW) کی آرگنائزرز فرزانہ منصور اور ثروت زہرہ نے کیا ،یہ تقریب ایک کم عمر طالب علم بچے حذیفہ علی کے اعزاز میں کی گئی جس نے آٹھ سال کی عمر میں ایک کتاب لکھ کر لوگوں کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔

حذیفہ علی نے My Friend Dinosaur کے نام سے کتاب لکھ کر یہاں مقیم پاکستانی بچوں میں کم عمر ترین لکھنے والے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے،حذیفہ علی واؤ WOW کی ایک ممبر عائشہ شیخ عاشی کے صاحب زادے ہیں۔

خواتین کی متذکرہ تنظیم نے حوصلہ افزائی کے طور پر حذیفہ علی کے اعزاز میں ان کی کتاب My Friend Dinosaur کی تقریب رو نمائی کی اور بچوں کے لئے اس قدر خوب صورت اور دل چسپ کتاب لکھنے پر حذیفہ علی اور ان کی والدہ عائشہ شیخ عاشی کو مبارکباد دی جنہوں نے سنگل پیرنٹ ہونے کے باوجود مشکلات اور نا مساعد حالات سے گزرتے ہو ئے اپنے بیٹے کی ہرلحاظ سے اچھی تربیت کی۔

حذیفہ علی کی کتاب My Friend Dinosaur کی تقریبِ رونُمائی فرزانہ منصور کی رہائشگاہ پرکی گئی جس میں خواتین نے شریک ہو کر عائشہ اور ان کے بیٹے حذیفہ کی حوصلہ افزائی کی۔

اس موقع پرحذیفہ علی کو واؤ WOW کی جانب سے یادگاری شیلڈ بھی دی گئی،تقریب ہذا میں رفعت ،ماجدہ خانم، ترنم، رملہ، رابعہ امیر، رابعہ اشرف، راحیلہ، شازیہ، سارہ، صائمہ، سمیرا اور ہما کے علاوہ دیگر ممبران نے شرکت کی۔

یاد رہے کہ واؤ WOW خواتین کا ایک سوشل میڈیا گروپ ہے جس کی بنیاد 2014 میں فرزانہ منصوراورثروت زہرہ نے رکھی۔ گروپ کا مقصد خواتین کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیّا کرنا تھا کہ جہاں خواتین اپنے خیالات کا اظہار کر سکیں اور اپنی رائے بنا کسی جھجھک اور خوف کے دے سکیں ۔

واؤ WOW یعنی Women Of Wisdom سے اب تک کئی خواتین جڑ چکی ہیں اور یہ گروپ خواتین میں اعتماد اور ان کی صلاحیتوں کو بروُئے کار لانے کے سلسلے میں اب تک کئی ورکشاپس کا انعقاد کر چکا ہے۔

Comments (0)
Add Comment