عمران خان کی نفرت انگیز سیاست کا اثر دیکھ کر دکھ ہوا، مریم اورنگزیب

لندن(تارکین وطن نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے برطانیہ میں پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے ہراساں کیے جانے پر اپنا ردعمل جاری کردیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا لندن میں پی ٹی آئی کارکنوں کے شرانگیز رویئے کے حوالے سے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی نفرت انگیز اور فرقہ واریت پر مبنی سیاست کا اپنے بھائیوں اور بہنوں پر زہریلا اثر دیکھ کر دکھ ہوا۔

اُن کا کہنا تھا کہ میں نے ان کے ہر سوال کا جواب دیا، افسوس کہ وہ عمران خان کے پروپیگنڈے کا شکار ہیں، ہم عمران خان کی زہریلی سیاست کا مقابلہ کرنے اور لوگوں کو متحد کرنے کے لیے اپنا کام جاری رکھیں گے۔

وفاقی وزیراطلاعات نے کافی شاپ میں موجود پی ٹی آئی کی ایک خاتون کارکن کے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دینے اور ای ووٹنگ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہیں اس معاملے کو سمجھانے کی بھی کوشش کی۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات لندن میں کافی شاپ اور اسٹیشن پر ٹرین کا انتظار کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے کارکنان نے گھیر کر نعرے بازی کی اور نازیبا الفاظ کا استعمال بھی کیا۔

پی ٹی آئی کی خواتین کارکنان نے مریم اورنگزیب پر چور ہونےکا الزام بھی لگایا، اس دوران مرد کارکن بھی موجود تھے۔

Maryam Aurangzaib london
Comments (0)
Add Comment