تعزیتی اجلاس کا انعقاد پاکستان مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات کے صدر غلام مصطفیٰ مغل نے کیا
تعزیت کے لیے تمام سیاسی پارٹیوں کے آفیشلز اور پی ایم ایل این کے عہدیداران اور کارکنوں نے شرکت کی
مرحوم چودھری ظفر اقبال کی سیاسی و سماجی خدمات کا اعتراف کیا گیا اور ان کی بخشش و مغفرت کی دعا کی گئی
دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات کے جنرل سیکرٹری چودھری ظفر اقبال 22 ستمبر 2022 کو پاکستان میں انتقال کر گئے- چودھری ظفراقبال کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں چھنی گجراں میں ادا کی گئی اور وہیں انہیں سپرد خاک کیا گیا۔
چودھری ظفر اقبال کے انتقال کی خبر امارات کے پاکستانی حلقوں میں انتہائی دکھ کے ساتھ سنی گئی، مرحوم ایک سادہ لوح انسان اورپاکستان مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات کے مخلص لیڈ ر تھے، پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرنے سے قبل وہ پاکستان پیپلزپارٹی یو اے ای کے اہم عھدہ پر فائض تھے اور محترمہ بینظیر بھٹو کے قریبی اور جان نثار ساتھیوں میں سے تھے۔
پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد وہ آخر وقت تک پی ایم ایل این کے ساتھ مخلص رہے اور پارٹی کے لئے گرانقدر خدمات سر انجام دیتے رہے،چودھری ظفر اقبال کی پارٹی کے لئے خدمات کو دیکھتے ہوئے پی ایم ایل این کی اعلی قیادت نے انہیں پاکستان مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات کا جنرل سیکرٹری تعینات کیا۔
اس طرح وہ (تا حیات) پی ایم ایل این امارات کے جنرل سیکرٹری رہے- چودھری ظفر اقبال کے انتقال پر تعزیت کے لیے پاکستان مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات کے صدر غلام مصطفیٰ مغل نے پاکستان سوشل سینٹر شارجہ میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا،جس میں راجہ عابد حسین، عبدالمجید مغل، راجہ محمد جمیل بنگیال، محمدغوث قادری، آزاد علی تبسم، حاجی محمد نواز، محمد شہزاد بٹ، عامر سہیل گھمن، جان قادر، غلام محی الدین، محمد نواز خان جدون، انجنیئر محمد زبیر خان، خلیل الرحمن بونیری، چودھری عبدالغفار، راجہ ظہیر سملالوی، چودھری خالد حسین، راجہ محمد سرفراز، ملک دوست محمد اعوان، سردار جاوید یعقوب،ملک خادم شاہین، ملک شہزاد یونس، راجہ ثاقب محمود، شیر اکبر آفریدی، فضل ربی صافی، میاں منیر ہانس، چودھری عبدالحمید، رانا عارف لقمانی، سجاد حسین شاہ، وقار احمد خان، علی خان، محبوب ربانی، فاروق وڑائچ، ملک محمد جاوید، راؤ اکبر علی ساقی،ایم اے صدفی، سجاد احمد، عرفان اقبال طور، عدنان طور، عارف عامر منہاس، صغیر چودھری، رحیم خان، سرفراز مغل، راشد الطاف، راشد علی بریار، عرفان قمر گوندل. ملک محمد اسلم اور بہت سے لوگوں نے شرکت کی۔
تعزیتی اجلاس کے آغاز میں محمد علی قادری نے تلاوت قرآن کی جبکہ محمد اکرم شہزاد نے نعت رسول مقبول ﷺ ادا کی، اس موقع پر متذکرہ لوگوں نے چودھری ظفر اقبال کی بحیثیت سیاسی لیڈر اور سماجی کارکن خدمات کا اعتراف کیا۔
مقررین نے کہا کہ مرحوم گونا گوں خصوصیات کےحامل شخص تھے، جنہوں نے امارات میں رہتے ہو ئےساری عمرپاکستانی کمیونٹی کی خدمت میں گزاری اور بطور بزنس مین اپنا نام پیدا کیا، مرحوم ایک خوش اخلاق انسان لوگوں میں ہر دل عزیز شخصیت تھے۔
چودھری ظفر اقبال کے انتقال سے سیاسی خلا بھی پیدا ہو گیا ہے جس کی تلافی برسوں ممکن نہیں ہو سکتی، تعزیتی اجلاس میں اسٹیج سیکرٹری حافظ زاہدعلی تھے جنہوں نے بڑے احسن انداز میں سب کو اپنے اپنے خیالات کے اظہار کا موقع دیا۔
تعزیتی تقریب کے آخر میں حافظ عظیم قادری نے مرحوم چودھری ظفر اقبال کی بخشش و مغفرت کے لیے دعا کی اور تمام حاضرین مجلس کی طرف سے مرحوم کے پسماندگان سے اظہار تعزیت و ہمدردی کیا۔