ڈاکٹرگل حسن نے دل کی بیماریوں اور ان سے بچائو پر سیر حاصل لیکچر دیا
سیمینارمیں سفیر پاکستان ملک محمد فاروق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی
کویت(رپورٹ:محمد عرفان شفیق)پاکستان ویمن فورم کویت کی جانب سے سوسائٹی آف پاکستانی ڈاکٹرز اِن کویت کے تعاون سے دل کے عالمی دن کی مناسبت سے سیمینار کا اہتمام کیا گیا، جس میں پاکستان کمیونٹی کے معروف ڈاکٹر، کویت میں امیری ہسپتال میں کنسلٹنٹ فزیشن ڈاکٹر گل حسن نے دل کی بیماریوں اور ان سے بچاو پر سیر حاصل لیکچر دیا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں سالانہ ایک کروڑ ستر لاکھ افراد عارضہ قلب میں مبتلا ہو کر موت کی آغوش میں چلے جاتے ہیں۔ دل کی بیماریوں میں اضافے کی بڑی وجہ معلومات کی کمی، ذہنی دباؤ، تمباکو نوشی، شوگر، بلند فشار خون، آرام پسندی، نمک کا زیادہ استعمال، غیر متحرک طرز زندگی، موٹاپا، بسیار خوری اور باقاعدگی کے ساتھ ورزش نہ کرنا ہے۔
سیمینار کے مہمان خصوصی کویت میں سفیر پاکستان ملک محمد فاروق تھے جبکہ سفارتخانہ پاکستان سے تھرڈ سیکرٹری تحریم الیاس اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی فرخ امیر سیال نے خصوصی شرکت کی۔ سیمینار کے آغاز میں پاکستان ویمن فورم کی جانب سے تمام حاضرین کو خوش آمدید کہا گیا۔ ڈاکٹر گل حسن نے دل کی بیماریوں اور ان سے بچاو پر سیر حاصل لیکچر دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنا طرز زندگی بدلنے پر توجہ دینی چاہیے تاکہ ہم ایک صحتمند زندگی گزار سکیں۔ جنوبی ایشیا میں رہنے والے افراد خوش خوارک ہونے کے باعث اس عارضے میں مبتلا ہوتے ہیں، ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی خوراک میں تیل والی اشیا کا استعمال کم سے کم رکھیں اور اپنا معمول کے مطابق ڈاکٹر سے چیک اپ کروائیں۔
سوسائٹی آف پاکستانی ڈاکٹرز اِن کویت کے صدر ڈاکٹر شجاع الدین نے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے حاضرین کو بتایا کہ دل کی بیماریوں کی جلد تشخیص کی وجہ سے ہم مزید پیچیدگیوں سے بچ سکتے ہیں۔ دل کی بیماریوں کی بروقت تشخیص نہ ہونے سے شوگر اور بلڈ پریشر کے علاوہ مزید پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔
سفیر پاکستان ملک محمد فاروق نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان ویمن فورم کویت اور سوسائٹی آف پاکستان ڈاکٹرز اِن کویت کی ان کاوشوں کی تعریف کی اور کہا کہ کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے اس طرز کے سیمینار بہت کارآمد ہیں، جس سے ہماری کمیونٹی فیضیاب ہو سکتی ہے۔ آخر میں سفیر پاکستان ملک محمد فاروق اور ڈاکٹر گل حسن کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔